Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جی 20 کے ایجنڈے میں اہم امور قابل غور ہیں‘

’20 ممالک کے سربراہان کو آن لائن جمع کرنا آسان کام نہیں‘ ( فوٹو: سبق)
برطانوی وزیر اعظم بوریس جانسن نے کہا ہے کہ ریاض میں آج جی 20 کانفرنس کے ایجنڈے میں اہم امور قابل غور ہیں۔
سبق ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ’آج کی کانفرنس میں میری ترجیحات میں کورونا بحران، دنیا کی معیشت اور ماحولیات کا تحفظ شامل ہیں‘۔
انہوں نے جی 20 کانفرنس کا اہتمام کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’20 ممالک کے سربراہان کو آن لائن جمع کرنا آسان کام نہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’میری خواہش تھی کہ میں خود سعودی عرب میں آکر کانفرنس میں شامل ہوں مگر ایسا ممکن نہ ہوسکا‘۔
’2018 میں مجھے سعودی عرب کا دورہ کرنے کا موقع ملا مگر اب سعودی عرب میں کافی خوشگوار تبدیلیاں ہوئی ہیں جنہیں میں دیکھنے کی خواہش رکھتا ہوں‘۔
انہوں نے سعودی عرب اور برطانیہ کے تعلقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی طور پر مستحکم ہیں‘۔
’باہم ترقی کے لیے ہم مل کر کام کریں گے، ایک لاکھ 25 ہزار برطانوی شہری سالانہ سعودی عرب آتے ہیں جبکہ برطانیہ کے الیکٹرانک ویزا سسٹم سے سب سے زیادہ سعودی شہری مستفید ہوتے ہیں‘۔
انہوں نے مستقبل کے سیاحتی شہر نیوم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’نیوم میں تجدید پذیر ماحول دوست توانائی کا استعمال خوش آئند ہے، یہ دنیا کے لیے مثال ہے‘۔
’کرہ ارضی میں تبدیل ہونے والا موسم ہم سب کے لیے چیلنج ہے جس کا مقابلہ باہمی مشترکہ کوششوں سے کرنا ہوگا‘۔

شیئر: