Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حصص مارکیٹ کے 22 سرمایہ کاروں کے خلاف کارروائی

’مذکورہ افراد نے ہیر پھیر اور دھوکہ دہی سے ایک بلین 343 ملین ریال سے زیادہ رقم کمائی ہے‘ (فوٹو: سبق)
سعودی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے حصص مارکیٹ کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی پر 22 سرمایہ کاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’حصص مارکیٹ کو غیر منصفانہ اور غیر شفاف خرید و فروخت سے بچاتے ہوئے نیز سٹاک ایکسچینج کے قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے 22 سرمایہ کاروں کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘۔
’مذکورہ افراد نے ’دار الارکان‘ کمپنی کے حصص میں ہیر پھیر، دھوکہ دہی اور جعلسازی کرتے ہوئے ایک بلین 343 ملین ریال سے زیادہ رقم کمائی ہے‘۔
’اتھارٹی نے قانون کی دفعات نمبر 17 پر عمل کرتے ہوئے مذکورہ سرمایہ کاروں کی خرید و فروخت کو مشکوک قرار دیا ہے‘۔
’حصص مارکیٹ میں خرید و فروخت کو شفاف بنانا، یکساں مواقع فراہم کرنا اور دھوکہ دہی، جعلسازی اور اور ہیر پھیر سے اسے بچانا اتھارٹی کی اولین ذمہ داری ہے‘۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’اسی ذمہ داری کو انجام دیتے ہوئے مذکورہ افراد کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ ادارے کے حوالے کیا گیا ہے‘۔
دوسری طرف پبلک پراسیکیوشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ’اتھارٹی کی طرف سے موصول ہونے والی شکایت پر غور کرنے کے بعد اسے مالیاتی کمیٹی کے حوالے کیا گیا ہے جو ملوث افراد کو طلب کرکے تفتیش کرے گی‘۔
 

شیئر: