Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان آن لائن ویزا سروس کے ’حوصلہ افزا نتائج‘: ڈیڑھ لاکھ درخواستیں

اس وقت انڈیا  اور چند دیگر ممالک کے سوا دنیا کے 191 ممالک کے شہریوں کو پاکستان آنے کے لیے آن لائن ویزوں کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے. (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی جانب سے دنیا کے زیادہ تر ممالک کے لیے آن لائن ویزا سروس متعارف کروانے کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور کورونا وبا کے باوجود گزشتہ سال کے مقابلے میں ویزے کی درخواستیں دینے والوں کی تعداد میں تین سے چار فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال مارچ میں 175 ممالک کے شہریوں کو آن لائن ویزے کی سہولت فراہم کی گئی تھی جس کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کے سفارت خانوں اور پاکستان میں وزرات داخلہ کو ڈیڑھ لاکھ  سے زائد ویزا اور ویزے میں توسیع کی درخواستیں موصول ہوئیں۔
وفاقی کابینہ نے گزشتہ سال جنوری میں پاکستان کے نئے ویزہ سسٹم کی منظوری دی تھی۔ نئے سسٹم کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے کابینہ نے 17 نومبر کو مزید 16 ممالک کو آن لائن ویزے کی سہولت دینے کی منظوری دی ہے۔
اس وقت انڈیا اور چند دیگر ممالک کے سوا دنیا کے 191 ممالک کے شہریوں کو پاکستان آنے کے لیے آن لائن ویزوں کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان ظفریاب خان کے مطابق حکومت مزید ممالک کے شہریوں کو بھی یہ سہولت دینے پر غور کر رہی ہے۔
اب تک کے نتائج حوصلہ افزا ہیں اور نہ صرف پاکستان کے ویزے کے لیے درخواست دینے والے افراد کو سہولت میسر ہوئی ہے بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں موجود پاکستانی سفارت خانوں کے خلاف کرپشن کی شکایات میں بھی کمی آئی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کی وزارت داخلہ ویزا کی تمام آن لائن درخواستوں کا ریکارڈ براہ راست مانیٹر کرتی ہے اور نادرا تمام ویزوں کا ریکارڈ بھی رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن سسٹم متعارف کروانے کے باوجود اس وقت بھی براہ راست ویزا درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں تاکہ بہتر طریقے سے نئے سسٹم پر منتقل ہوا جا سکے تاہم زیادہ تر زور آن لائن سسٹم پر ہوتا ہے۔

شیئر: