Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 کورونا ٹیسٹ کی بکنگ کینسل کرنے پر’اپائنٹمنٹ‘ کب؟

تطمن سینٹر کی رپورٹ سفر کے لیے پیش نہیں کی جاسکتی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ کے لیے مسلسل دو بار آپائنٹمنٹ کینسل کرنے پر تیسری بار 14 دن کے بعد وقت حاصل کیا جاسکے گا۔
نیوز ویب سائٹ عاجل نے ایک شخص کی جانب سے وزارت صحت سے کیے جانے والے استفسار کے حوالے سے کہا ہے کہ وزارت کی ایپ ’صحتی‘ کے ذریعے کورونا ٹیسٹ کے لیے حاصل کیے گئے وقت پر دو بار نہ جانے پر تیسری بار بکنگ دو ہفتے تک نہیں ملے گی۔
وزارت صحت کے ٹوئٹر پر کہا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ کے لیے حاصل کی گئی بکنگ پر وقت مقررہ پر پہنچا جائے تاکہ جو وقت حاصل کیا گیا ہے اس کے مطابق ٹیسٹ کیا جاسکے۔

 ٹیسٹ مثبت آنے پر ٹیلی فون پرمریض کو ہدایات دی جاتی ہیں۔ (فوٹو: ایس ہی اے)

دوسری جانب وزارت صحت نے مزید کہا ہے کہ وزارت کے سینٹر ’تطمن‘ اور ’تاکد‘ کے ذریعے کیے جانے والے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ سفر کرنے کے لیے پیش نہیں کی جاسکتی۔
مذکورہ ٹیسٹ کی رپورٹ مرض کے حوالے سے اطلاع فراہم کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے ٹسیٹ کرانے والے کے موبائل پر ارسال کی جاتی ہے۔
واضح رہے وزارت صحت کی جانب سے کورونا ٹیسٹ کےلیے مملکت کے تمام شہروں میں اعلیٰ معیار کے ٹیسٹ سینٹر قائم کیے گئے ہیں جہاں کورونا ٹیسٹ مفت کیے جاتے ہیں۔
ڈرائیو-ان کے علاوہ سرکاری ڈسپینسریوں میں بھی اس کی سہولت موجود ہے۔
’صحتی ‘ ایپ کے ذریعے کورونا ٹیسٹ کرانے کے لیے ایپ میں اقامہ نمبر، نام اور تاریخ پیدائش فیڈ کی جاتی ہے جس کے بعد سینٹر کا خودکار سسٹم موجود وقت اور دن کا اختیار فراہم کرتا ہے۔
 ٹیسٹ کرانے والے کی صوابدید ہوتی ہے کہ وہ کس دن اور وقت کا انتخاب کرے۔

کورونا ٹیسٹ کےلیے مقررہ وقت پر جانا ضروری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

ٹیسٹ کے لیے مقررہ سینٹر پر جانے کے بعد گاڑی میں ہی بیٹھے بیٹھے ٹیسٹ لیا جاتا ہے ۔
کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ 2 دن کے اندر اندر موبائل پر ارسال کردی جاتی ۔
ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں دوسرے دن وزارت صحت کی مرکزی کنٹرول روم سے ٹیلی فون پر مریض کو ہدایات جاری کی جاتی ہے جن پر عمل کرنا لازمی ہوتا ہے۔

شیئر: