Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

‏برطانیہ میں منگل سے کورونا ویکسینیشن، ملکہ بھی ویکسین لگوائیں گی

برطانیہ نے فائزر کو ویکسین کی چار کروڑ خوراکوں کا آرڈر دے رکھا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ میں اگلے ہفتے سے کورونا ویکسین کا بڑے پیمانے پر استعمال شروع کیا جا رہا ہے اور ایسی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ بھی چند ہفتوں میں فائزر کی بنائی ہوئی ویکسین لگوائیں گی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے برطانوی اخبارات کے حوالے سے لکھا ہے کہ ملکہ ایلزبتھ کے شوہر شہزادہ فلپ کو بھی ویکسین لگائی جائے گی۔
برطانوی اخبار ’میل آن سنڈے‘ نے کہا ہے کہ معمر شاہی جوڑے کو امید ہے کہ ان کو دیکھ کر اور لوگ بھی کورونا ویکسین لگوائیں گے۔
اے ایف پی کے مطابق 94 سالہ ملکہ نے اپنی عمر کی وجہ سے وبا کے دروان اپنا زیادہ تر وقت ونڈسر میں قرنطینہ میں رہتے ہوئے گزارا۔
بکنگم پیلس کے ترجمان نے شاہی جوڑے کی ویکیسن لگوانے کی خبروں پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے برطانیہ ویکیسن استعمال کرنے کی اجازت دینے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا تھا۔
برطانیہ نے فائزر کمپنی کو ویکسین کی چار کروڑ خوراکوں کا آرڈر پہلے سے ہی دے رکھا ہے جس میں سے اسے آٹھ لاکھ خوراکیں جلد ملنے والی ہیں جن سے وہ منگل سے ویکسینیشن کا آغاز کرے گا۔
اے ایف پی کے مطابق سب سے پہلے یہ ویکسین کیئر ہومز میں مقیم عمر رسیدہ افراد اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کو لگائی جائے گی اور اس کے بعد 80 برس یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کی باری آئے گی۔

فائزر کے بیلجیئم میں موجود پلانٹ سے ویکسین کی پہلے کھیپ اسی ہفتے برطانیہ پہنچائی جائے گی (فوٹو: روئٹرز)

اس کے بعد دیگر عمر رسیدہ لوگ اور تشویشناک حالت میں مبتلا افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ باقی آبادی کو عمر کے حساب سے ویکسین دی جائے گی۔
فائزر کے بیلجیئم میں موجود پلانٹ سے ویکسین کی پہلے کھیپ اسی ہفتے برطانیہ پہنچائی جائے گی جس کے بعد پیر سے یہ برطانیہ کے درجنوں ہسپتالوں میں پہنچ جائے گی۔
فائزر کی اس ویکسین کو منفی 70 درجہ حرارت میں رکھا جا سکے گا، تاہم پانچ دن تک اسے دو سے آٹھ ڈگری سیلسیز میں بھی رکھا جا سکے گا۔
نیشنل ہیلتھ سروس کے میڈیکل ڈائریکٹر سٹیفن پاؤس نے کہا ہے کہ ’تمام تر پیچیدگیوں کے باوجود ہسپتال ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ویکسینیشن مہم کا آغاز منگل سے شروع کر دیں گے۔‘

شیئر: