Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حکومت کورونا ویکیسن پورے ملک میں مفت فراہم کرے گی‘

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کی ویکسین کی دستیابی سے جلد آگاہ کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ حکومت کی حاصل کردہ ویکیسن پورے ملک میں مفت فراہم کی جائے گی۔
اسلام آباد میں صوبائی حکومتوں کے نمائندگان اور وزرا کے ساتھ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کی ویکسین کی دستیابی سے جلد آگاہ کریں گے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت 150 لاکھ ڈالر کی ویکسین حاصل کر رہی ہے اور اس کے لیے اضافی رقم بھی دی جاسکتی ہے۔‘
انہوں نے میڈیا پر سامنے والی ان رپورٹس کو رد کیا جن کے تحت کہا جا رہا تھا کہ نجی سیکٹر ویکسین درآمد نہیں کر سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت جو ویکسین منظور کرے گی وہ نجی سیکٹر بھی حاصل کر سکے گا۔‘
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ ویکسین کے حصول کے لیے قومی کوشش جاری ہے اور اس کو کامیاب بنانے میں مددگار صوبائی شعبوں کو بھی شامل کیا گیا ہے اسی لیے صوبائی وزرا اور صحت کے نمائندگان کو آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ’وفاقی حکومت واضح طور پر ممکن بنائے کہ ویکسین پاکستان میں دستیاب ہو، جومحفوظ اور مؤثر ہو، اس کو ممکن بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ’آج ہماری اہم ملاقات صوبائی وزرا اور صوبائی محکمہ صحت کے نمائندگان سے ہوئی اور انہیں پاکستان کی ویکسین کی حکمت عملی کے خدوخال سے آگاہ کیا۔‘

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ’کورونا کی وبا پر قابو پانے کی ہماری کوششوں میں ویکسین اہم جز ہے (فوٹو: اے ایف پی)

معاون خصوصی نے کہا کہ ’ان کوششوں کی بنیاد پر ہم جلد یہ بتانے میں کامیاب ہوں گے کہ پاکستان میں کون سی ویکسین کب دستیاب ہوگی۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ’کورونا کی وبا پر قابو پانے کی ہماری کوششوں میں ویکسین اہم جز ہے لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں تمام احتیاطی تدابیر چھوڑ دی جائیں یا یہ سوچا جائے کہ ویکسین آجائے گی تو ہم اس کو بھول جائیں گے تو ویکسین اپنی جگہ لیکن یہ سب چیزیں اکٹھی چلتی رہیں گی۔‘

شیئر: