Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2027 میں کھجور کا عالمی سال منایا جائے گا

ایف اے او نے کھجور کا عالمی سال منانے پر اتفاق کیا ہے، حتمی منظوری جنرل کونسل میں ہوگی‘ (فوٹو: واس)
سعودی عرب کی مساعی سے اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن (ایف اے او) نے 2027ء کو کھجور کا عالمی سال قرار دینے پر اتفاق کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کونسل کے 30 نومبر سے 4 دسمبر 2020 ء تک ہونے والے 165ویں سالانہ اجلاس کے دوران سی اے اے جی‘ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی ہے۔

 ان سفارشات میں سعودی عرب کی کوشش سے 2027 کو کھجور کا عالمی سال منانے پر اتفاق کیا گیا ہے تاہم حتمی منظوری کے لیے اسے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں‌ پیش کیا جائے گا۔
روم میں سعودی عرب کے مستقل مندوب ڈاکٹر محمد بن احمد الغامدی نے فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن کی ورک کونسل میں شرکت کی۔
سعودی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے ایک بیان میں کھجوروں کا عالمی سال منانے کےاعلان کو اہم پیش رفت قرار یا ہے۔
 بیان میں‌کہا گیا ہے کہ کھجور کا عالمی سال منانے کا مقصد کھجوروں کی افزائش، پیداوار، معیار اور کھجور کی تجارت کے حوالے سے کوششوں کو مزید موثر بنانا ہے۔

کونسل نے لاکھوں زرعی خاندانوں اور چھوٹے مالکان خاص طور پر مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں بسنے والے کاشت کاروں کےمعاشی فوائد اور پائیدار زرعی پیداواری طریقوں کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے، منڈیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر کھجور کی پیداوار 10 لاکھ ہیکٹر سے زیادہ رقبے پر محیط ہے اور اس کی مجموعی پیداوار تقریبا 8.5 ملین میٹرک ٹن ہے۔
 اس کی کاشت ایشیا سے افریقا تک پھیلی ہوئی ہے۔ افریقہ میں 435.7 ہزار ہیکٹر، یورپ میں 947 ہیکٹر، اور امریکہ میں 7022 ہیکٹر جبکہ ایشیا اور افریقہ دنیا کی کل پیداوار کے بالترتیب 8.55 فی صد اور 4.43 فی صد کے ساتھ پیدا کرنے والے دو سب سے بڑے خطے قرار دیے جاتے ہیں۔
 

شیئر: