Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فلم ’’ سیدۃالبحر‘‘ کی آسکر کے لیے نامزدگی

بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹگری میں دیگر فلموں سے مقابلہ کرے گی۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی فیچر فلم ’’سکیلز‘‘ سیدۃالبحر کو 93 ویں اکیڈمی ایوارڈز’’آسکر‘‘ میں مملکت کی نمائندگی کے لئے منتخب کر لیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شہد امین کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم جسے سیدۃ البحر’’لیڈی آف دی سی‘‘ بھی کہا جاتا ہے، بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹگری میں دیگر فلموں سے مقابلہ کرے گی۔

یہ نامزدگی ایک خصوصی کمیٹی کی جانب سے کی گئی ہے جبکہ ایوارڈز تقریب میں سعودی عرب کی نمائندگی کے لئے اس کا انتخاب ’’سعودی فلم کمیشن‘‘ نے کیا ہے۔
’’سکیلز‘‘ کو حتمی فہرست میں شامل ہونے کے لئے سکریننگ کے متعدد مراحل سے گزرنا پڑے گا۔
یہ حتمی فہرست ’’امریکن اکیڈمی آف آرٹس اینڈ سائنسز‘‘مرتب کرے گی۔ ایوارڈ جیتنے والی فلم کے نام کا اعلان 25 اپریل کو منعقد ہونے والی تقریب میں کیا جائے گا۔

’’سکیلز‘‘ کی نمائش سب سے پہلے ’’وینس فلم فیسٹیول‘‘میں کی گئی تھی اوراسے انتہائی جدید، اختراعی فلم کا ’’ویرونا‘‘ ایوارڈ دیا گیا تھا۔
اسے دیگر بین الاقوامی فلمی میلوں میں پیش کیا جاتا رہا ہے جبکہ سعودی عرب کے تمام شہروں کے سینما گھروں میں اس کی نمائش کی جا چکی ہے۔

یہ فلم خوش فہمی اور معاشرتی مسائل کے ماحول کی عکاسی کرتی ہے جہاں ایک نوجوان لڑکی معاملات کو  اپنے ہاتھ میں لینے کا مشکل فیصلہ کرتی ہے جس کے باعث اسے مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
وہ اپنے خاندان اوراپنے گاؤں میں معصوم بچیوں کو سمندر میں رہنے والی ’’پراسرار مخلوق‘‘ پر قربان کر دینے کی  روایات کے خلاف سینہ سپر ہو جاتی ہے۔
فلم کی ہدایتکارہ  شہد امین نے بتایا ہے کہ خاص طور پر عرب ہدایتکار ہونے کے ناتے یہ میری توقعات سے بالاتر ہے۔ میرے مشاہدے کے مطابق میری فلم ثقافتی روایات اور برسوں قبل نابود ہو جانے والی اقدار کی عکاسی کرنے والی تفریح ہے۔
اس کا ایک مقصد معاشرے اور عرب دنیا میں خواتین کے کردار کے حوالے سے مکالمے کو فروغ دینا تھا۔
ہدایتکارہ شہد امین نے کہا کہ فلم کی تیاری میرے لئے ذاتی تجربہ تھا۔ مجھے فخر ہے کہ اس فلم کو عالمی سٹیج پر میرے وطن کی نمائندگی کے لئے چُنا گیا ہے۔
میرا خیال ہے کہ فلم کا حیرت انگیز سفرمیرے ساتھی سعودی ڈائریکٹرز کے لئے حوصلہ افزا ثابت ہوگا اور وہ اپنے کامیاب تجربات کے ساتھ آگے بڑھ سکیں گے۔
 

شیئر: