Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بین الاقوامی سفر پر پابندی‘ ٹکٹ ریفنڈ ہوں گے؟

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں پیر کی شب سعودی عرب میں دوسری بار تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمد ورفت پر عارضی پابندی عائد کیے جانے کے بعد ’السعودیہ ایئر‘ کی جانب سے ٹکٹوں کی واپسی کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ 
مذکورہ پابندی کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ مملکت کے شہریوں اور یہاں رہنے والے غیر ملکیوں کی صحت اور سلامتی کے لیے بین الاقوامی فضائی، بری اور سمندری سفر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ 
یہ پابندی ایک ہفتے کے لیے عائد کی گئی ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ حالات کو دیکھتے ہوئے اس میں مزید ایک ہفتے کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ 

حالات دیکھتے ہوئے پابندی میں مزید ایک ہفتے کا اضافہ ہوسکتا ہے (فوٹو: السعودیہ ٹوئٹر)

بین الاقوامی سفر پر پابندی مملکت آنے اور یہاں سے جانے والے مسافروں کے لیے تمام فضائی، بری اور سمندری چوکیاں بند کردی گئی ہیں۔ 
پابندی کا نفاذ ہوتے ہی تمام پروازیں معطل کردی گئی ہیں جبکہ سعودی عرب سے آپریٹ ہونے والی تمام فضائی کمپنیوں نے بھی اپنے مسافروں کو مطلع کردیا ہے۔ 
دریں اثنا ویب نیوز ’اخبار 24 ‘ کے مطابق نئے تبدیل ہونے والے کورونا وائرس کے بعد سعودی عرب کی جانب سے عائد کی جانے والی بین الاقوامی سفری پابندی کے اعلان کے ساتھ ہی قومی فضائی کمپنی ’السعودیہ ایئر‘ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ مسافر جنہوں نے ٹکٹ حاصل کیے ہوئے تھے اور مذکورہ پابندی کی وجہ سے سفر نہیں کرسکے وہ بغیر کسی اضافی چارجز کے اپنے ٹکٹ ’ری فنڈ‘ یا بکنگ تبدیل کرا سکتے ہیں۔ 
ایئرلائن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سفر پرعائد کی جانے والی پابندی کی وجہ سے ٹکٹوں کی منسوخی پر اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ جیسے ہی پابندی اٹھائی جائے گی اور اس کا سرکاری طور پر اعلان کیا جائے گا ایئرلائن کی جانب سے دوبارہ بکنگ کھول دی جائے گی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: