السعودیہ: ریزرویشن میں آن لائن تبدیلی کی سہولت
ریزرویشن میں تبدیلی کے لیے السعودیہ آفس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ (فوٹو: عاجل)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے ریزرویشن آن لائن تبدیل کرنے کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق السعودیہ نے ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ماضی میں اس حوالے سے مسافروں کو دشواریاں پیش آتی تھیں ۔اب انہیں حل کر دیا گیا ہے۔ ریزرویشن میں تبدیلی بے حد آسان ہوگئی ہے جو آن لائن کی جا سکتی ہے۔
اب مسافر کو ریزرویشن میں تبدیلی کے لیے السعودیہ کے آفس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔
السعودیہ نے بیان میں کہا کہ جو لوگ ریزرویشن میں ترمیم کرانا چاہتے ہوں وہ السعودیہ کی سروسز کے مین پیج پر جائیں جہاں پروازوں کی تفصیلات ہوں گی۔ بورڈنگ پاس کے اجرا اور پروازوں کی تفصیلات والے خانے ہوں گے۔
ریزرویشن نمبر درج کریں، فیملی نام یا اپنا لقب تحریر کریں۔ ریزرویشن کی تفصیلات سامنے آجائیں گی ساتھ ہی ریزرویشن میں تبدیلی کا آپشن بھی آئے گا۔
آپ نئے ریزرویشن کے لیے مناسب وقت کا انتخاب کریں۔ ریزرویشن کا کنفرمیشن سابقہ تاریخ والی فیس پر ہی ہوگا کوئی اضافی فیس ترمیم کےحوالے سے نہیں ہوگی۔
السعودیہ یہ سروس مفت فراہم کررہی ہے۔ آپ ریزرویشن کے نمبر سے پرواز کے حوالے سے معلومات بھی لے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مسافروں نے استفساتار کیا تھا کہ کیا وہ السعودیہ کی پروازوں پر ریزرویشن میں ترمیم آن لائن کراسکتے ہیں۔ آیا ریزرویشن میں تبدیلی کی کوئی فیس ہوگی۔
مسفاروں کا کہنا تھا کہ بعض اوقات انتہائی مجبوری کی وجہ سے سفر کا پروگرام منسوخ یا ملتوی یا تبدیل کرنا پڑ جاتا ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں