Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکی کرد سیاستدان کو فوری رہا کرے، یورپی عدالت برائے انسانی حقوق

صلاح الدین دیمرتش کو 2016 میں دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
یورپ کی عدالت برائے انسانی حقوق نے ترک جیل میں قید کرد سیاستدان صلاح الدین دیمرتاش کی فوری رہائی کا حکم دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عدالت نے رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی نے 47 سالہ سیاستدان کے انسانی حقوق کی پامالی کی ہے۔
عدالت کے مطابق ترکی نے یپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سابق رہنما صلاح الدین دیمرتاش کے اظہار رائے کی آزادی کے بنیادی حق میں مداخلت کرتے ہوئے انہیں پارلیمانی استثنیٰ نہیں حاصل کرنے دیا۔
صلاح الدین دیمرتاش کو 2016 میں دہشت گردی کے الزام میں قید کیا گیا تھا۔ 
یورپی انسانی حقوق کی عدالت نے ترکی کو حکم دیا ہے کہ وہ صلاح الدین دیمرتاش کے نقصانات کا ازالہ کرتے ہوئے انہیں 73 ہزار 540 ڈالر ادا کرے۔
بین الاقوامی عدالت انصاف کے وکیل ماسیمو فرگو نے عرب نیوز کو بتایا کہ ترکی یورپی کنوینشن کے رکن کے تحت یورپی عدالت کے تمام احکامات پر عمل درآمد کرنے کا پابند ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ کرد رہنما کے حوالے سے عدالت کا فیصلہ حتمی ہے جس پر ترکی کو فوری طور پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔     
کرد نواز یپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما صلاح الدین دیمرتاش صدر طیب اردوغان کے خلاف دو مرتبہ صدارتی امیدوار کے طور پر انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 2014 سے 2018 تک  یپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے شریک رہنما بھی رہ چکے ہیں۔

شیئر: