Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاداب خان بھی پہلے ٹیسٹ سے باہر 

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے ماؤنٹ مانگنوئی میں شروع ہو رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔کپتان بابر اعظم اور امام الحق کی انجری کے باعث نیوزی لیںڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہونے کے بعد اب آل راؤنڈر شاداب خان بھی زخمی ہونے کے بعد پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاداب خان کی جگہ لیگ سپنر ظفر گوہر کو سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ 
بدھ کو پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹی20 میچ کے بعد شاداب خان نے بائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی تھی جس کے بعد وہ 26 دسمبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ 
پی سی بی کے مطابق شاداب خان کا ایم آر آئی سکین جمعرات کو کروایا جائے گا جس کی رپورٹ آنے کے بعد ان کی انجری کی نوعیت واضح ہو سکے گی۔ 
آل راؤنڈر شاداب خان نے اب تک پاکستان کی جانب سے 6 ٹیسٹ میچز میں نمائندگی کی ہے جس میں انہوں نے 300 رنز بنائے ہیں جبکہ 14 وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔
شاداب خان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں انگلینڈ کے خلاف دو جبکہ آئرلینڈ کے خلاف ایک نصف سنچری بھی سکور کر رکھی ہے۔ 
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی انگوٹھے میں انجری کے بعد شاداب خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں ٹیم کی قیادت کی تھی۔ اس سیریز میں پاکستان کو دو ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 

اس سے قبل بابر اعظم انجری کا شکار ہونے کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز نہ کھیل سکے (فوٹو: اے ایف پی)

بابر اعظم کی عدم دستیابی کے باعث وکٹ کیپر بیٹسمن محمد رضوان پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی کریں گے۔ 
ماؤنٹ مانگوئی میں 26 دسمبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ پاکستانی سکواڈ میں کپتان محمد رضوان، سرفراز احمد، عابد علی، اظہر علی، شان مسعود، فواد عالم، حارث سہیل شامل ہیں۔ 
ظفر گوہر، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، نسیم شاہ، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی کو بھی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ 
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے ماؤنٹ مانگنوئی جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ بابر اعظم، امام الحق، اور شاداب خان کی دستیابی کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں