ایشیئن گیمز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن کی نظریں انڈیا کے خلاف ’بڑے‘ مقابلے پر
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے تسلیم کیا ہے کہ ’اگر پاکستان کو ایشیئن گیمز میں روایتی حریف انڈیا سے مقابلہ کرنا ہے تو اسے اپنے کھیل میں ابھی کافی بہتری لانا ہوگی۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انڈیا مسلسل دو مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ جیت چکا ہے جبکہ وہ ایشیئن گیمز کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔
مائیک ہیسن نے مئی 2025 میں پاکستانی وائٹ بال ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور اس کے بعد پاکستان ایشیا کپ میں انڈیا سے تینوں میچز ہار گیا جبکہ ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں بھی اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
بدھ کو کراچی میں ٹیم کی روانگی سے قبل مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ ’اس وقت وائٹ بال کرکٹ میں انڈیا اپنی برتری ثابت کر رہا ہے اور ہمیں اُس سطح تک پہنچنے کے لیے اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانا ہوگی۔‘
واضح رہے کہ جاپان میں جاری ایشیئن گیمز میں کرکٹ کے میچز کا آغاز جمعرات سے ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایشیئن گیمز میں پاکستان اور انڈیا میں کبھی مقابلہ نہیں ہوا، تاہم اس مرتبہ امکان ہے کہ یکم اکتوبر کو دونوں روایتی حریف ناگویا میں ایک دوسرے کے خلاف سیمی فائنل کھیلیں گے۔
پاکستانی کوچ نے انڈیا کے خلاف ممکنہ مقابلے کے بارے میں کہا کہ ’ہم اپنی پوری تیاری کر رہے ہیں اور اگر ہمیں انڈین ٹیم کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا تو ہم یقیناً اسے دباؤ میں لائیں گے، جیسا کہ ہم نے گذشتہ برس دبئی میں ایشیا کپ کے فائنل میں کیا تھا۔‘
پاکستان 28 ستمبر کو ایشیئن گیمز کا کوارٹر فائنل کھیلے گا، جہاں اُس کا مقابلہ پول بی کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ پول بی میں ہانگ کانگ، عمان اور ملائیشیا شامل ہیں۔
پااکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’پاکستان کو ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا کرنا ہوگا۔‘
’اب سے سیمی فائنل تک پہنچنے کے لیے پاکستان اور انڈیا نے بہت سی کرکٹ کھیلنی ہے، اس لیے ہم فی الحال سیمی فائنل کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے۔‘
پاکستان نے ایشیئن گیمز میں کرکٹ کے ایونٹ میں تاحال کوئی تمغہ حاصل نہیں کیا۔ پاکستان 2010 اور 2023 میں برونز میڈل کا میچ ہار گیا تھا، جبکہ 2014 کے ایشیئن گیمز میں پاکستان نے کرکٹ کے ایونٹ میں حصہ نہیں لیا تھا۔