Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں چلتی گاڑی سے نوٹ نچھاور کرنے والا شخص گرفتار

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص نوٹ اچھال رہا ہے اور ایشیائی ملازمین انہیں پکڑنے کے لیے جھپٹ رہے ہیں۔ فوٹو انسپلیش
دبئی پولیس نے انسٹاگرام پر ایک تاجر کی وائرل ہونے والی ویڈیو پر ایکشن  لیا ہے، جس میں تاجر اپنی گاڑی سے ایشیائی ملازمین کی طرف یورو پھینک رہا ہے اور ملازمین کورونا احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرتے ہوئے پیسے لینے کے لیے گھتم گتھا ہیں۔ پولیس نے تاجر اور ویڈیو بنانے والے اس کے دوست کو گرفتار کر لیا ہے۔
دبئی کی پبلک پراسیکیوشن نے دونوں ملزموں کو فوجداری عدالت بھیج دیا ہے جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائےگا۔
دبئی پولیس کے الیکٹرانک انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گشت کرنے والے اہلکاروں نے سوشل نیٹ ورک انسٹاگرام پر  نشر ہونے والی ویڈیو کلپ کی جانچ پڑتال کی جس میں ایک شخص گاڑی چلاتے ہوئے رقم اچھال رہا ہے اور ملازمین کورونا کی احتیاطی تدابیر کیے بغیر اس کے پیچھے جھپٹ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ نے ایک ٹیم تشکیل دی تھی جو اس کار ڈرائیور کی شناخت کرنے میں کامیاب رہی۔ رقم پھینکنے والا یورپی باشندہ  (ای ایم) ہے۔ جس کو دبئی کے ایک مال کی پارکنگ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق کرنسی جعلی تھی اور ویڈیو انسٹاگرام پر فالوورز بڑھانے کے لیے چلائی گئی۔ فوٹو انسپلیش

ملزم نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے  اور کہا ہے کہ ایسا اس نے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد بڑھانے کی غرض سے کیا اور وہ ایک امیر شخص نظر آنا چاہتا تھا۔
ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے 50 ہزار یورو  گاڑی سے پھینکے لیکن وہ نقلی تھے۔اس نے یہ کرنسی ایک آن لائن سٹور سے  ہزار درہم میں خریدی تھی۔ اس نے اس  کا ثبوت اپنے واٹس ایپ کے میسجز کے ذریعے دکھایا جس میں اس کے لیے ایشیائی ملازم وہ کرنسی خریدنے کی بات چیت کر رہا ہے۔
پولیس افسر کے مطابق  پبلک پراسیکویشن  نے پہلے ملزم کے گھر کی تلاشی لینے کا اجازت نامہ جاری کیا ہے۔ جس سے 700 ہزار  امریکی  ڈالر ملے ہیں جو نقلی تھے۔ اسی طرح 417 ہراز نقلی یورو بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

ملزم یورپین ہے اور اس کے گھر سے بھی جعلی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔ فوٹو انسپلیش

پولیس افسر نے مزید بتایا ہے کہ دوسرے ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے یہ کرنسی  کمپیوٹر کے ذریعے اپنی دکان میں چھاپی۔ اسے یہ بتایا گیا تھا کہ وہ یہ رقم کسی پارٹی میں تقسیم کرے گا۔ اسی طرح اس نے پچھلی رقم حوالے کرنے کا بھی اعتراف کیا لیکن اس نے کرنسی  پر نقلی نوٹ لکھنا ضروری سمجھا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ملزم نے ’انسٹاگرام‘ پر اپنا اکاؤنٹ بھی دکھایا ہے جس میں وہ کلپ بھی شامل تھا جس میں وہ گاڑی چلا رہا ہے اور اس کے اردگرد ڈالرز کے بنڈل پڑے ہیں، جبکہ ویڈیو بنانے والے دوست کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

شیئر: