Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے سفیر کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات، ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال

امارات کے سفیر نے پاکستان کی حکومت کی جانب سے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ فوٹو: سینیٹ آف پاکستان
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور اہم امور، کورونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورتحال، علاقائی و عالمی صورتحال، ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کی بنیاد مشترکہ روایات، مذہبی اقدار اور سماجی مماثلتوں پر ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی ترقی کی خاطر رابطوں کے فروغ پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ متحدہ عرب امارات پاکستان میں تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ  ایشیائی پارلیمانی اسمبلی اور دیگر اہم فورمز پر مثالی تعاون پایا جاتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کورونا وبا کے دوران خیال رکھنے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان کی حکومت کی جانب سے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث مشکلات پیدا ہوئیں لیکن حکومتی اقدامات لائق تحسین ہیں۔                                                                                                  

شیئر: