Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ: ایک ہفتے میں ویکسین کی صرف 10 لاکھ خوراکیں دی جا سکیں

امریکہ میں کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کی مہم کے پہلے ہفتے چھ لاکھ 14 ہزار خوراکیں دی گئی تھیں۔ فوٹو: ان سپلیش
امریکہ میں کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کی مہم کو شروع ہوئے ایک ہفتہ ہو گیا ہے، جس دوران حکومت نے ایک مہینے میں دو کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف طے کیا تھا لیکن ملک کے ہسپتالوں اور سٹورز میں لاکھوں کی تعداد میں کورونا ویکسین کی خوراکیں غیراستعمال شدہ حالت میں رکھی ہوئی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فائزر اور بائیو این ٹیک کے اشتراک سے بنائی گئی کورونا ویکسین کی صرف 10 لاکھ خوراکیں اب تک شہریوں کو دی گئیں، جو کہ بھیجی گئی تعداد کا ایک تہائی ہیں۔
امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کے مطاق اب تک ویکسین کی 95 لاکھ خوراکیں، جن میں ماڈرنا کی بھی ویکسین شامل ہے، ریاستوں کو بھیجی جا چکی ہیں۔
ہسپتالوں نے ماڈرنا کی ویکسین دینا شروع کر دی ہے لیکن سینٹر فار ڈزیز کنٹرول نے اب تک یہ نہیں بتایا ہے کہ اس کی کتنی خوراکیں استعمال ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ فائزر اور ماڈرنا دونوں کی ویکسین کی خوراکوں کی تعداد کی رپورٹنگ میں کچھ خلل ہو سکتا ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کی مہم کے پہلے ہفتے چھ لاکھ 14 ہزار خوراکیں دی گئی تھیں جبکہ تب تک 29 لاکھ خوراکیں ملک کے مختلف شہروں میں پہنچا دی گئی تھیں۔
ہسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کووڈ-19 کی ویکسینیشن پچھلے پیر کو شروع ہوئی۔ کچھ کا کہنا تھا کہ پہلے دن صرف 100 خوراکیں دی گئیں۔
امریکہ کے آپریشن وارپ سپیڈ کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر مونسیف سلاوئی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 'ہم یہ وعدہ کر سکتے ہیں کہ ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں لوگوں کی جانب سے جس قدر تیزی سے ویکسین لگوانے کی امید تھی اس حساب سے لوگ ویکیسن نہیں لگوا رہے ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں