Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقی ریجن کے پہلے ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح آج ہوگا

سینٹر میں بیک وقت 80 سے 100 افراد کو ویکسین لگائی جاسکتی ہے۔  (فوٹو: عاجل)
 سعودی عرب میں تیسرے کورونا ویکسینیشن سینٹرکا افتتاح پیر 28 دسمبر2020 کو مشرقی ریجن میں کیا جا رہا ہے۔ پہلا کورونا ویکسین سینٹرریاض میں قائم کیا گیا تھا جبکہ دوسرا جدہ اور اب تیسرے سینٹر کا افتتاح مشرقی ریجن کے شہر الخبر میں کیا جا رہا ہے۔ 
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق سینٹر کے کولڈ سٹوریج میں وزارت صحت کی جانب سے منظورکی جانے والی فائزر کی ویکسین پہنچائی جا چکی ہے۔ 
الخبر کے ویکسینیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب میں ریجنل ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر ابراہیم العریفی کے علاوہ ادارہ امور صحت کے اہم عہدیدار بھی شرکت کریں گے۔ 
مشرقی ریجن کے شہر الخبر میں قائم کیے جانے والے سینٹر کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ طبی عملے کو ذمہ داریاں بھی تفویض کی جاچکی ہیں۔ سینٹر میں ویکسینیشن کا  آغاز صبح آٹھ بجے کیا جائے گا۔ 
واضح رہے الخبر میں ویکسینیشن سینٹر میں ویکسین لگانے کے لیے مخصوص کمرے بنائے گئے ہیں جہاں بیک وقت 80 سے 100 افراد کو ویکسین لگائی جا سکتی ہے۔ 
وزارت صحت کی جانب سے اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ مشرقی ریجن کے بعد دیگر علاقوں میں بھی جلد ہی ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو انکے شہروں میں ویکسین لگانے کی سہولت فراہم کی جائے۔ 

جدہ ایئرپورٹ کے ویکسینیشن سینٹر کے کمروں کا اضافہ کیا جارہا ہے  (فوٹو: اخبار 24)

جدہ میں قائم ایئرپورٹ گراؤنڈ میں ویکسینیشن سینٹر کے کمروں میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگوں کو ویکسین لگائی جا سکے۔ 
یاد رہے سعودی وزارت صحت کی جانب سے کورونا ویکسین تمام افراد کو مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے لیے وزارت کی ایپ ’صحتی‘ پر رجسٹر کیا جاتا ہے جہاں سے ویکسین لگانے کی تاریخ اور وقت مقرر کرکے رجسٹریشن کرانے والوں کومطلع کر دیا جاتا ہے-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: