وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے 56 ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق زیورخ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے محمد بلال، سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر مرغوب سلیم اور پاکستان کے سفارتی عملے نے شہباز شریف کا استقبال کیا۔
ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے 56 ویں اجلاس کے مختلف سیشنز میں شرکت کریں گے۔ اجلاس کے موقعے پر وزیراعظم کی مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
وہ پاکستان کی میزبانی اور ورلڈ اکنامک فورم کی شراکت داری میں میں ہونے والی بزنس راؤنڈ ٹیبل میں بھی شریک ہوں گے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ’شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کے حوالے سے کی جانے والی اصلاحات اور پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں پر روشنی ڈالیں گے۔‘
وزیراعظم پاکستان کے استحکام کے حوالے سے ٹرپل او پروگرام (آرڈر، اپرچونیٹی، آپٹیمائزیشن) پر بھی بات کریں گے۔
واضح رہے کہ عالمی اقتصادی فورم کا سالانہ اجلاس 19 سے 23 جنوری تک سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقد ہو رہا ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم کا سالانہ اجلاس سیاسی رہنماؤں، کاروباری شخصیات، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتا ہے۔
اجلاس میں عصری، جغرافیائی ،سیاسی، معاشی، سماجی اور ماحولیاتی مسائل پر غوروخوض کیا جاتا ہے۔
