Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرک ڈرائیور فیملی وزٹ ویزہ حاصل کرسکتے ہیں؟

سعودی عرب میں گزشتہ ہفتے 21 دسمبر 2020 سے بین الاقوامی آمد رفت پر ایک ہفتے کے لیے عارضی طور پر پابندی عائد کی گئی تھی۔  
پابندی کا مقصد برطانیہ اور یورپی ممالک میں کورونا وائرس کی نئی لہر کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھا تاکہ لوگوں کو اس وبا کے اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔ 
ایک ہفتے بعد پابندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی گئی تاہم 28 دسمبرکو سعودی عرب میں رہنے والے غیر ملکیوں کو اپنے وطن جانے کے لیے خصوصی طور پر مشروط اجازت فراہم کی گئی ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ افراد جن کے فائنل ایگزٹ یا ری انٹری ویزے لگے ہوئے ہیں وہ جاسکیں گے- علاوہ ازیں وزٹ ویزے پر آنے والوں کی بھی واپسی ممکن ہوگی۔ 

فیس ادا کرکے ابشر کے ذریعے خروج وعودہ میں اضافہ ہوسکتا ہے- (فوٹو عرب نیوز)

قارئین اردونیوز کی جانب سے مختلف موضوعات پر سوالات ارسال کیے گئے ہیں جن کے جوابات حاضر ہیں۔ 
محمد زاہ ۔۔ میں کورونا سے قبل چھٹی آیا  تھا سفری پابندیوں کی وجہ سے واپس نہیں جاسکا، اب اقامہ ختم ہو گیا ہے جبکہ کفیل بھی جواب نہیں دے  رہا نہ ہی فون اٹینڈ کررہا ہے، میں 7 برس سے سعودی عرب میں تھا، میرے واجبات بھی باقی ہیں اب میں کیا کرسکتا ہوں؟ 
جواب ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے حکومت سعودی عرب نے چھٹی پر جانے والوں کا اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کردی تھی۔ آپ کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں بھی توسیع کردی گئی ہوگی آپ کو چاہیے تھا کہ جب مدت میں توسیع کی گئی اس دوران کفیل سے رابطہ کرتے ۔  
حکومت کی جانب سے مفت توسیع کے بعد ایسے غیر ملکی کارکنوں کی سہولت کے لے ’ابشر‘ کے ذیعے اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی تھی جس کے لیے مقررہ فیس ادا کرنے کے بعد خروج وعودہ اور اقامے کی مدت میں اضافہ ممکن ہوتا ہے۔ 
آپ کا کہنا ہے کہ کفیل ٹیلی فون اٹینڈ نہیں کررہا ایسے میں آپ کو چاہیے کہ پاکستان میں وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے امور کو درخواست دیں تاکہ وہاں سے پاکستانی سفارتخانے کو آپ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے ہدایات جاری کی جاسکیں۔ 
وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے امور کے تحت دی جانے والی درخواست میں یہ وضاحت ضرور کریں کہ آپ کے واجبات باقی ہیں اور سعودی قانون کے تحت یہ لینا آپ کا حق ہے ۔ 
اگر آپکے کفیل نے سسٹم میں آپ کو خروج عودہ کی خلاف ورزی کے زمرے میں شامل کردیا تو آپ کا معاملہ مشکل ہو جائے گا کیونکہ خروج وعودہ کی خلاف ورزی کے مرتکب کو مملکت میں 3 برس کے لیے بین کردیا جاتا ہے۔ اس عرصے میں صرف سابق کفیل کے دوسرے ویزے پر ہی سعودی عرب آیا جاسکتا ہے۔ 
آپکے مسئلے میں اہم نکتہ یہ بھی ہے جس کی وضاحت درخواست میں لازمی طور پر کی جائے تاکہ جب سفارتخانے کے شعبہ ویلفیئر کوآپ کی درخواست موصول ہو تو وہ اس نکتے کو بھی عدالت میں واضح کرتے ہوئے اس پابندی کوختم  کروا سکیں۔
عاطف عزیز ۔۔ ’ابشر‘ سسٹم پر اکاؤنٹ نہیں بن رہا کیا کریں؟ 
جواب ۔ محکمہ پاسپورٹ ’جوازات ‘ کی جانب سے تارکین کے معاملات کو خودکار انداز میں مکمل کرانے کےلیے ’ابشر‘ سسٹم کی سہولت مہیا کی جاتی ہے۔ 
ابشر سسٹم پر اکاؤنٹ بنانے کے لیے جوازات کی جانب سے فراہم کردہ کمپیوٹرز پر اکاؤنٹ بنائیں جب وہاں اکاؤنٹ بن جائے تو اپنے کمپیوٹر یا موبائل پر لاگ ان کرکے اس کا پاسورڈ  تبدیل کرلیں۔ 
بعض اوقات سسٹم ڈاؤن ہونے کی وجہ سے فنگرپرنٹ اور معلومات سسٹم میں اپ لوڈ نہیں ہوتیں اس لیے اگر ایسا کوئی معاملہ ہو تو کسی دوسرے وقت کوشش کریں۔ 
ابشر سسٹم کا اکاؤنٹ بینک اکاؤنٹ کے ذریعے بھی رجسٹر کرایا جاسکتا ہے ۔ آپ آن لائن اس سسٹم  کا اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں- بعدازاں اپنے بینک میں جاکر اسے ری کنفرم کرا لیں ۔ 
دوسری صورت محکمہ پاسپورٹ  ’جوازات ‘ کے ذیلی دفتر جہاں سے  اکاؤنٹ بنانے کی سہولت مہیا کی جاتی ہے وہ اس صورت میں ہوتا ہے جب سسٹم میں کسی شخص نے فنگر پرنٹ اپ لوڈ ہونے میں دشواری ہو یا بعض افراد کے فنگر پرنٹ مخصوص بیماری کی وجہ سے خراب ہو جاتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ جوازات کے سسٹم میں اپنا اکاؤنٹ کنفرم کرائیں۔ 

مخصوص پیشوں پر کام کرنے والے فیملی وزٹ ویزہ نکلوا سکتے ہیں- (فوٹو عرب نیوز)

خان سید ۔۔ ٹرک ڈرائیور کے ویزے پر آنے والے اہلیہ کو وزٹ ویزے پر بلا سکتے ہیں؟ 
جواب ۔ قانونی طور پر اہلیہ اور فیملی کے لیے وزٹ ویزہ جاری کرانے کے لیے مخصوص پیشوں پر کام کرنے والوں کو ہی اجازت دی جاتی ہے جن کا اقامہ فیملی اسٹیٹس کا ہو ۔ 
ڈرائیور ، ٹرک ڈرائیور یا فیملی ڈرائیور کا پیشہ فیملی اسٹیٹس ہولڈرمیں شامل نہیں اس لیے قانونی طور پر ان پیشوں سے منسلک افراد کو فیملی وزٹ ویزے جاری نہیں کیے جاتے-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: