Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے لیے پروازیں دوبارہ کب بحال ہوں گی؟

قانونی طور پر جانے والے جب چاہئیں دوسرے ویزے پرآسکتے ہیں (فوٹو: العربیہ)
دنیا بھر میں کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے سعودی عرب سمیت بیشتر ممالک نے بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کر دی ہے جس کی بنیادی وجہ لوگوں کی جانوں کو محفوظ بنانا ہے۔ 
اس ضمن میں سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سفر پر پابندی کا مقصد نئے تبدیل شدہ کورونا وائرس کے بارے میں حتمی معلومات کا حصول ہے، ماہرین اس بارے میں معلومات حاصل کر رہے ہیں جیسے ہی جامع معلومات حاصل ہوں گی پابندی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے اردو نیوز کے جانب سے بھیجے گئے سوالات کے جوابات ذیل میں دیے جا رہے ہیں۔
محمد امان ۔۔ میرا اقامہ ختم ہو گیا، فائنل ایگزٹ پر جانا چاہتا ہوں، کفیل کے کہنے پر لیبر آفس اور اقامہ کی فیس کے ساتھ  میڈیکل انشورنس کا پریمیم بھی ادا کر دیا ہے معلوم یہ کرنا ہے کہ اقامہ تجدید ہونے کے بعد میں خروج نہائی لے کرجانا چاہتا ہوں بعد ازاں دوسرے ویزہ پر آنا ممکن ہے؟ 
جواب۔ امیگریشن قانون کے مطابق اگر کوئی کارکن فائنل ایگزٹ پر ممکت سے جاتا ہے اور اس پر کسی قسم کی قانون شکنی کی کوئی رپورٹ درج نہیں تو وہ جب چاہے دوسرے ویزے پر قانونی طور پر مملکت آ سکتا ہے-
آپ کا کہنا ہے کہ آپ نے اقامہ کی تجدید کے تمام معاملات مکمل کرلیے ہیں اس کے بعد خروج نہائی پر جانا چاہتے ہیں۔ 

نیا قانون مارچ 2021 میں نافذ کر دیا جائے گا۔  (فوٹو دی نیشنل)

یاد رہے کہ سعودی عرب میں آئندہ برس سے نیا قانون مرتب کیا جا رہا ہے جس کے تحت غیر ملکی کارکنوں کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ بہتر ملازمت حاصل کرنے کے لیے دوسری جگہ کام کر سکتے ہیں جس کے لیے نئی کمپنی یا ادارے میں ’ڈیمانڈ‘ ہونا لازمی ہے۔ 
ورک ایگریمنٹ ہی نئے کام کی بنیاد ہوگا جس کے ذریعے کسی دوسری جگہ کام کیا جاسکے گا۔ نیا قانون مارچ 2021 میں نافذ کر دیا جائے گا۔ 
آپ نے جبکہ اقامہ کی تمام فیسیں ادا کر دی ہیں بہتر ہے کہ تھوڑا انتظار کر لیں کیونکہ نئے قانون کے نفاذ کے بعد غیر ملکی کارکنوں سے متعلق حالات میں تبدیلی کا امکان ہے ۔ 
محمد سبطین شاہ ۔ سعودی عرب کی پروازیں کب کھل رہی ہیں، کیا ادویات ساتھ لے جانے کی اجازت ہے؟ 
جواب ۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی نئی شکل کے بعد بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت پر ایک ہفتے کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے اور دوبارہ کھولنے کے بارے میں حکام نے وضاحت جاری نہیں کی۔ حالات کودیکھتے ہوئے پابندی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ 
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پابندی ایک ہفتے کے لیے لگائی گئی تھی جس میں ایک ہفتے کی مزید توسیع کا بھی عندیہ دیا گیا تھا۔ اس بارے میں کوئی بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔ 
پروازوں کی بحالی اور سفرپر عائد پابندی کے بارے میں حتمی بات سرکاری اعلان کے بعد ہی کی جا سکتی ہے۔ جیسے ہی سفرپرعائد پابندیاں اٹھائی جائیں گی ’اردونیوز‘ میں اس بارے میں فوری اطلاع فراہم کر دی جائے گی۔ 
ادویات کے بارے میں آپ نے جو معلوم کیا ہے اس حوالے سے ایسی ادویات جو ذاتی استعمال کی ہوں اور ڈاکٹری نسخہ بھی ساتھ ہو لائی جا سکتی ہیں تاہم ممنوعہ اشیا لانے پر پابندی عائد ہے۔ 

ذاتی استعمال کی ادویات ڈاکٹری نسخہ کے ساتھ لائی جاسکتی ہیں- (فوٹو: البلاد)

اعجاز خان ۔ ہروب والے پر کتنے عرصے بعد سعودی عرب آنا ممکن ہے؟ 
جواب ۔ ہروب کے بارے میں اردونیوز میں متعدد بار کافی تفصیل سے تحریر کیا جا چکا ہے۔ ہروب پر جانے والے افراد کے معاملات مختلف ہوتے ہیں۔ ہر کیس کی الگ سے پیروی ہوتی ہے اس لیے اس امر کا تعین نہیں کیا جا سکتا کہ پابندی کتنے عرصے کے لیے لگائی گئی ہے ۔ 
ماضی میں یہ پابندی پانچ برس کے لیے ہوتی تھی تاہم اب تحقیقاتی افسر پابندی کے حوالے سے مدت کا تعین کرتے ہیں۔  
ہروب کے کیس میں ملک بدر کیے جانے والوں کو اس وقت اس پابندی کے بارے میں مطلع کر دیا جاتا ہے تاہم بہتر ہوگا کہ آپ محکمہ’جوازات‘ کی ای میل پر استفسار کریں جس کے لیے اپنا پرانا اقامہ اور پاسپورٹ نمبر جس پر آپ سعودی عرب آئے تھے انہیں بھیجیں تاکہ وہاں سے درست طور پر معلوم ہو سکے کہ پابندی کی مدت کتنی تھی۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: