Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکسین لگوانے کے بعد پُھولوں کا تحفہ

پیشگی وقت لینے سے بھیڑ ہوتی ہے نہ ہی لوگوں کو انتظارکرنا پڑتا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
ادارہ امور صحت کا کہنا ہے کہ مملکت کے تینوں شہروں میں قائم کورونا ویکسینیشن سینٹرز میں بہترین طریقے سے امور انجام دیے جارہے ہیں۔
ویکسین لگوانے کے لیے پیشگی وقت لینے سے سینٹروں میں بھیڑ نہیں ہوتی جبکہ لوگوں کو بھی آسانی ہوتی ہے کہ وہ اپنے مقررہ وقت پر سینٹر پہنچ کر ویکسین لگوا لیتے ہیں۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے اس حوالے سے ویکسینیشن سینٹرز کا دورہ کیا جہاں مثالی نظم وضبط کے بارے میں لوگوں کا کہنا تھا کہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا۔ بیشتر لوگوں نے اسے حکومت کا مثالی کارنامہ بھی قرار دیا۔

  معمرافراد کے لیے گالف کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی سہولت مہیا کی گئی ہے (فوٹو: سبق نیوز)

ویکسینیشن کے بعد انتظامیہ کی جانب سے ’پھول‘ دے کر رخصت کیا جاتا ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے ویکسینیشن کے لیے مرحلہ وار پروگرام کے بارے میں ایک سینٹر کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلہ میں 65 برس یا اس سے زائد عمر کے افراد کے علاوہ ایسے افراد کو شامل کیا گیا ہے جو مہلک امراض میں مبتلا ہیں۔
ذمہ دار کا مزید کہنا تھا کہ مرحلہ وار سسٹم سے سینٹر میں بھیڑ نہیں ہوتی جس سے سماجی فاصلے کے اصول پر بھی عمل کرنا ممکن ہوتا ہے۔
سینٹر آنے والوں کا استقبال کرنے کے لیے رضاکاروں کو صدر دروازے پر متعین کیا گیا ہے جو آنے والوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔ ہر سینٹر میں متعدد استقبالیہ کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ آنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا اور انتظار نہ کرنا پڑے۔
ویکسینیشن سینٹر کے باہر پارکنگ کے مقام پر مخصوص گالف کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی سروس مہیا کی گئی ہے جو بیمار یا معمر افراد کے لیے ہے۔ یہ گاڑیاں معمر افراد کو سینٹر کے دروازے تک پہنچاتی ہیں جہاں سے انہیں ویل چیئر کے ذریعے سینٹر میں لے جایا جاتا ہے۔
ویکسین لگانے کے مراحل کی وضاحت سینٹر میں چارٹ کے ذریعے کی گئی ہے جس کے مطابق ویکسین لگوانے کے بعد 15 منٹ انتظار کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے تاکہ اس دوران اگر کسی کو کوئی پریشانی ہو تو فوری طور پر اس کا تدارک کیا جاسکے۔

ویکسین لگانے کے بعد 15 منٹ انتظار کرایا جاتا ہے (فوٹو: سبق نیوز)

واضح رہے کہ سعودی عرب کی وزارت صحت کی جانب سے ’صحتی ‘ ایپ کے ذریعے ویکسین لگوانے کے لیے رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ویکسین لگانے کے لیے پیسے نہیں لیے جاتے۔ مقامی اور غیر ملکیوں کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں حکومت کی جانب سے مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
ویکسین کے حوالے سے امور صحت کا کہنا ہے کہ پہلی خوراک کے 21 دن بعد دوسری خوراک لگائی جاتی ہے جس کے بعد انسانی جسم میں کورونا وائرس کے خلاف مدافعتی نظام مستحکم ہو جاتا ہے۔  

شیئر: