Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹوٹ بٹوٹ‘ ہے کون؟

عمران خان نے سوشل میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو میں ’ٹوٹ بٹوٹ‘ کا ذکر کیا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف اور آصف علی زرداری کو ٹوٹ بٹوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ ٹوٹ بٹوٹ سمجھتے ہیں کہ مجھے بلیک میل کر لیں گے۔‘
بظاہر ٹوٹ بٹوٹ دو افراد کا نام لگتا ہے لیکن حقیقت میں بچوں کے لیے مزاحیہ نظمیں لکھنے والے شہرہ آفاق شاعر صوفی غلام مصطفیٰ تبسم کی نظموں کے کردار کا نام 'ٹوٹ بٹوٹ' ہے۔ جو لا پرواہ، نٹ کھٹ اور ماں باپ کا لاڈلہ بچہ ہے۔
صوفی تبسم نے ٹوٹ بٹوٹ کے گرد گھومتی متعدد نظمیں لکھی ہیں جو بہت مشہور ہوئیں۔ ایک تھا لڑکا ٹوٹ بٹوٹ، ٹوٹ بٹوٹ کی موٹر کار، ٹوٹ بٹوٹ نے کھیر پکائی، ٹوٹ بٹوٹ نے مرغا پالا اور ٹوٹ بٹوٹ کے مرغے مشہور و معروف نظمیں ہیں۔
 
نواز شریف اور آصف زرداری کے بارے میں عمران خان کے تمام بیانات کا جائزہ لیاجائے تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ اصل میں ٹوٹ بٹوٹ کے مرغوں  ہی کی بات کر رہے تھے۔
عمران خان کے اس بیان کے سیاق و سباق کو صوفی تبسم کی یہ نظم بہتر انداز میں واضح کرتی ہے۔
’ٹوٹ بٹوٹ کے مرغے‘
 
ٹوٹ بٹوٹ کے دو مُرغے تھے
دونوں تھے ہُشیار
اِک مُرغے کا نام تھا گیٹو
اِک کا نام گِٹار
 
اِک مُرغے کی دُم تھی کالی
اِک مُرغے کی لال
 
اِک مُرغے کی چونچ نرالی
اِک مُرغے کی چال
 
اِک پہنے پتلُون اور نیکر
اِک پہنے شلوار
 
اِک پہنے انگریزی ٹوپی
اِک پہنے دستار
 
اِک کھاتا تھا کیک اور بِسکٹ
اِک کھاتا تھا نان
 
اِک چباتا لونگ سپاری
ایک چباتا پان
 
دونوں اِک دن شہر کو نِکلے
لے کر آنے چار
 
پہلے سبزی منڈی پہنچے
پھر لنڈے بازار
 
اِک ہوٹل میں انڈے کھائے
اِک ہوٹل میں پائے
 
اِک ہوٹل میں سوڈا واٹر
اِک ہوٹل میں چائے
 
پیٹ میں جُوں ہی روٹی اُتری
مُرغے ہوش میں آئے
 
دونوں اُچھلے، ناچے، کُودے
دونوں جوش میں آئے
 
اِک بولا میں باز بہادُر
تُو ہے نِرا بٹیر
 
اِک بولا میں لگڑ بگھیلا
اِک بولا میں شیر
 
دونوں میں پھر ہُوئی لڑائی
ٹھی ٹھی ٹُھوں ٹُھوں ٹھاہ
 
دونوں نے کی ہاتھا پائی
ہی ہی ہُوں ہُوں ہاہ
 
اِک مُرغے نے سِیخ اُٹھائی
اِک مُرغے نے ڈانگ
 
اِک کے دونوں پنجے ٹُوٹے
اِک کی ٹُوٹی ٹانگ
 
تھانے دار نے ہنٹر مارا
چِیخے چُوں چُوں چُوں
 
ٹوٹ بٹوٹ نے گلے لگایا
بولے کُکڑوں کُوں

شیئر: