Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مواخذے سے قبل صدر ٹرمپ کو ’نااہل‘ قرار دینے کی قرارداد پیش ہو گی‘

’مائیک پینس سے اپیل کی جائے گی کہ وہ 25 ویں ترمیم کا اطلاق کریں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ مواخذے کی کارروائی سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’نااہل‘ قرار دینے کے لیے ایوان میں قرارداد پیش کی جائے گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ نائب صدر مائیک پینس اور کابینہ مواخذے سے پہلے صدر ٹرمپ کو ان کے عہدے سے برطرف کریں۔
ایوان نمائندگان کی سپیکر کی طرف سے جاری کیے گئے ایک خط کے مطابق پیر یا منگل کو ایوان ایک قرارداد کے لیے ووٹ کرے گا اور مائیک پینس سے اپیل کی جائے گی کہ وہ امریکی آئین کی 25 ویں ترمیم کا اطلاق کریں۔

 

یہ ترمیم نائب صدر اور کابینہ کو اجازت دیتی ہے کہ اگر صدر اپنے فرائض ٹھیک طریقے سے نہیں نبھا پا رہے تو انہیں عہدے سے بر طرف کر دیا جائے۔
نینسی پلوسی نے مزید لکھا کہ ’اس کے بعد ایوان مواخذے کی کارروائی کرے گا۔‘
روئٹرز کے مطابق ایوان کے 210 ارکان نے مواخذے کی حمایت کی ہے۔
واضح رہے کہ واشنگٹن میں کیپیٹل ہل پر اپنے حامیوں کی جانب سے دھاوے کے بعد صدر ٹرمپ پر مستعفی ہونے کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔
پرتشدد مظاہرے کے دوران چار افراد کی ہلاکت ہوئی جبکہ پولیس نے 52 افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی۔

جو بائیڈن نے کیپیٹل ہل پر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کو امریکہ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دے دیا (فوٹو: اے ایف پی)

امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے کیپیٹل ہل پر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کو امریکہ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دے دیا تھا۔
جو بائیڈن نے ٹویٹ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور تشدد کو مسترد کر دیں۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے مظاہرین سے کہا کہ وہ ’گھر چلے جائیں۔ خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے پہلے مظاہرین کو کانگریس جانے کی ترغیب دی تھی۔
سنیچر کو نینسی پلوسی نے کہا تھا کہ ان کی فوج کے ساتھ اس حوالے سے بات ہوئی کہ کیسے ملک کے نیوکلیئر ہتھیاروں کو ’بدحواس‘ لیڈر سے دور رکھا جائے۔

شیئر: