Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجلس شورٰی: ’نئے علاقوں اور شہروں میں فیکٹریاں قائم کی جائیں‘

آن لائن اجلاس صدر ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی زیرصدارت ہوا ہے( فوٹو سبق)
سعودی مجلس شورٰی کی جانب سے نئے شہروں اور علاقوں میں فیکٹریاں قائم کرنے کی سفارش اوراس پر عمل درآمد کے لیے سرمایہ کاروں سے رابطے کے لیے کہا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شورٰی کے ارکان نے صدر ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کے زیرصدارت آن لائن اجلاس میں منگل کو اقتصادی و توانائی کمیٹی کی رپورٹ پر بحث کی۔
کمیٹی کے چیئرمین فیصل آل فاضل نے مالیاتی سال 1441-1440ھ سے متعلق وزارت صنعت و معدنیات کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ پیش کیا۔

 اجلاس میں اقتصادی و توانائی کمیٹی کی رپورٹ پر بحث کی گئی۔(فوٹو سبق)

اقتصادی و توانائی کی کمیٹی نے متعدد سفارشات پیش کی ہیں۔ ان میں سے ایک یہ ہے کہ وزارت صنعت و معدنیات صنعتوں کے بارے میں تفصیلی معلومات اور اعدادوشمار پیش کرے۔
کمیٹی نے ایک سفارش یہ کی کہ ترقی پذیر نئے علاقوں اور شہروں میں فیکٹریاں قائم کی جائیں اور اس کے لیے سرمایہ کاروں سے رابطے کیے جائیں۔
کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ قومی فیکٹریوں کے قیام کی راہ میں رکاوٹیں ختم کرائی جائیں۔ اس سلسلے میں سرمایہ کاروں کا تعاون حاصل کیا جائے۔ قومی فیکٹریوں کے قیام کے فیصلے متوازن انداز میں کیے جائیں۔  

اقتصادی و توانائی کی کمیٹی نے متعدد سفارشات پیش کی ہیں۔(فوٹو سبق)

رکن شورٰی سعد العتیبی نے وزارت صنعت و معدنیات سے اپیل کی کہ کان کنی اور صنعتی منصوبوں کے استحکام کے لیے سریع رفتار طور طریقے متعین کیے جائیں۔ تعلیم و تربیت کی سکیموں کو صنعتی فروغ کی سکیموں سے جوڑا جائے۔ 
رکن شورٰی ڈاکٹر ترکی العنزی نے یہ بھی کہا کہ وزارت صنعت نئے اکیڈمی اور سپیشلسٹ پیشہ ورانہ پروگرام شروع کرنے کے لیے تعلیمی و تربیتی اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کرے۔ 

شیئر: