Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’صحافی سیاست کریں یا صحافت، ایک ٹکٹ میں دو مزے نہ لیں‘

فردوس عاشق کے مطابق میڈیا ایک صنعت کا روپ دھار چکا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاست اور صحافت دو الگ الگ شعبے ہیں جو صحافی سیاسی جانبداری کرتا ہے وہ اپنی صحافت کی قبر خود کھود لیتا ہے۔
سنیچر کو لاہور میں فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ ’صحافیوں کو سیاسی لحاظ سے غیر جانبدار رہنا چاہیے۔ سیاست اور صحافت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔‘
انہوں نے بغیر کسی کا نام لیے مشورہ دیا کہ ’جو صحافی سیاست کرنا چاہتے ہیں، وہ صحافت چھوڑ کر سیاست میں آ جائیں۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ قلم پکڑ کے بیٹھیں تو صحافت کی صف میں اور کریں سیاست۔‘
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ’ایک ٹکٹ میں دو مزے تو نہ لیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایک عوامی مفاد ہوتا ہے اور ایک قومی مفاد، کئی بار عوامی مفاد کو اجاگر کرنے کی دوڑ میں قومی مفاد متاثر ہو جاتا ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ اداروں سے بلاوجہ صحافیوں کو نکالے جانے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔
فردوس عاشق اعوان کے مطابق میڈیا صنعت کا روپ دھار چکا ہے اس لیے یہاں کام کرنے والوں کو دوسری صنعتوں کی طرح سوشل سکیورٹی اور دوسرے حقوق ملنے چاہییں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور میڈیا دو پہیے ہیں جبکہ عوام اس کا انجن ہے۔
’جب انجن درست ہو گا تبھی پہیے اس کو لے کر چلیں گے۔‘
انہوں نے صحافیوں کی جانب سے گلے شکوے سننے کے بعد کہا کہ ’یہ اس بات کا عکاس ہے کہ آپ کو اظہار رائے کی پوری آزادی ہے۔‘

شیئر: