Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وہ ڈنڈا لے کر اپنی ٹیم کے ارد گرد ہی گھُومتے رہتے ہیں‘

فردوس عاشق اعوان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت کے معاملے پر جواب دینے سے گریز کیا
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے نوٹیفیکیشن کی معطلی پر سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔
اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت کے بعد جدہ قونصلیٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ابھی توہین عدالت کے معاملے میں معافی ملی ہے۔ آپ مجھے عدالتی معاملات میں کیوں گھسیٹ رہے ہیں‘۔ 
فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ ’یہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔ عدالتی فیصلے کے بارے میں جتنا آپ کو معلوم ہے مجھے بھی اتنا معلوم ہے۔ وطن واپسی پر اس حوالے سے معلومات لے کر کچھ کہنے کی پوزیشن میں ہوں گی۔‘

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ  بیرون ملک مقیم پاکستانی قیمتی اثاثہ ہیں

سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حوالے سے فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم عمران خان آپ کے ترجمان اور سفیر بن کر ہر ملاقات میں بات کرتے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی قیمتی اثاثہ ہیں۔ ہمیں ان کے درد کا احساس ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ مسائل کی بڑی وجہ تھانے کا پیچیدہ نظام ہے جسے تبدیل کیا جا رہا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ہر صوبے میں ماڈل پولیس سٹیشنز بنیں گے۔ اسلام آباد سے اس کا آغاز کر دیا گیا ہے‘۔
’تعلیم یافتہ اور پیشہ ور افسران ماڈل پولیس سٹیشنوں میں تعینات کیے جائیں گے تاکہ روایتی مائنڈ سیٹ کو اوورسیز پاکستانیوں کے راستے سے ہٹایا جا سکے۔ اس حوالے سے روڈ میپ چند روز میں سامنے آئے گا۔‘
قبل ازیں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ’عمران خان کی ٹیم میں شمولیت کے بعد آرام کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ہم میں سے کسی کو چھٹی نہیں ہے۔ وہ (عمران خان ) خود سوتے ہیں اور نہ دوسروں کو سونے دیتے ہیں۔ نہ وہ خود چین لیتے ہیں نہ کسی کو لینے دیتے ہیں۔
ڈنڈا لے کر اپنی ٹیم کے گرد ہی رہتے ہیں۔ حکومتی ٹیم مستقل چوکس ہے تاہم ہمیں سپورٹ نہیں ملتی۔‘

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے بھی خطاب کیا

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان کو مشکل وقت سے نکالنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ موجودہ صورت حال میں عمران خان ہی واحد آپشن ہیں، وہ ہر لمحہ پاکستان کے لیے وقف کیے ہوئے ہیں۔
 وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ’ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے ہماری حکومت سیاحت کو فروغ دینے کے لیے جامع منصوبے پر عمل پیرا ہے۔‘
 ’حال ہی میں حکومت نے نئی ویزا پالیسی متعارف کرائی ہے ۔ ہوائی اڈوں پر ون ونڈو آپریشن شروع کیا جا رہا ہے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘
 انہوں نے کہا کہ ’حکومت یہ فیصلہ کر چکی ہے کہ اب کچھ بھی ہو جائے معیشت کو قرضوں کے سہارے نہیں چلانا ۔ اس کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔‘ 
 فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ ’ہمیں دنیا کو پاکستان کا روشن اور اصل چہرہ دکھانا ہے۔ بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی وطن عزیز کا حقیقی معنوں میں سفیر ہے۔ آپ کا بھی فرض ہے کہ جہاں بھی رہیں اپنے اطراف میں پاکستان کی مثبت شناخت کو اجاگر کریں۔‘
انہوں نے کمیونٹی کو یقین دلایا کہ’سعودی عرب میں مقیم ہم وطنوں کی فلاح و بہبود کے لیے بہتر طور پرکام کیا جائے گا۔‘ 
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: