Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں بنائی گئی پہلی کار 2022 میں دستیاب ہوگی

محمد الزہرانی نے بتایا کہ مملکت کا آٹو کمپلیکس سٹریٹیجک انڈسٹریل منصوبے کا حصہ ہے۔ فائل فوٹو: شٹرسٹاک
سعودی عرب میں حکام کو توقع ہے کہ مملکت کے اندر بنائی گئی پہلی کار 2022 میں دستیاب ہوگی۔
انڈسٹریل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر محمد الزہرانی نے العربیہ ٹی وی کو بتایا کہ جبیل میں رائل کمیشن نے مطلوبہ انفراسٹرکچر پر کام شروع کیا ہے جو تین بین الاقوامی کار ساز کمپنیوں کو مملکت میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرے گا۔
محمد الزہرانی نے توقع ظاہر کی کہ سنہ 2022 میں سعودی عرب میں پہلی کار تیار ہو جائے گی۔

 

ان کا کہنا تھا کہ کار اسمبلی سنٹر کا انجینیئرنگ ڈیزائن حتمی مراحل میں ہے۔ یہ سنٹر جنوبی کوریا کے کار ساز ادارے سانگ یونگ موٹر کمپنی کے اشتراک سے بنایا جا رہا ہے۔
انڈسٹریل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ رائل کمیشن کی جانب سے کی گئی سٹڈی کے مطابق سنہ 2040 تک سعودی عرب میں آٹو انڈسٹری میں دس ارب ڈالر سے زائد کی براہ راست سرمایہ کاری متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ سعودی عرب کی جی ڈی پی میں 80 ارب ریال کا حصہ ڈالے گا اور 27 ہزار براہ راست ملازمتیں فراہم کرے گا۔
محمد الزہرانی نے بتایا کہ مملکت کا آٹو کمپلیکس سٹریٹیجک انڈسٹریل منصوبے کا حصہ ہے۔ جبیل انڈسٹریل سٹی اور راس الخیر انڈسٹریل سٹی گاڑیوں کی تیاری کے لیے خام مال کا 90 فیصد فراہم کرتے ہیں۔

شیئر: