Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مہاتما گاندھی کا قاتل نتھو رام گوڈسے سچا ہندو قوم پرست تھا‘

نتھو رام گوڈسے نے مہاتما گاندھی کو تین گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ فوٹؐو گارڈین
انڈیا کے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قاتل نتھو رام گوڈسے کی یاد میں ایک تعلیمی مرکز کا افتتاح کیا گیا ہے جس میں کئی قوم پرست ہندوؤں نے شرکت کی۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق انڈین ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیارمیں ’گوڈسے گاین شالا‘ کے نام سے ایک تعلیمی مرکز قائم کیا گیا جس کا مقصد گاندھی کے قاتل نتھو رام گوڈسے کی یاد کو تازہ رکھنا ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران گوڈسے گاین شالا تعلیمی مرکز میں لگائی گئی نتھو رام گوڈسے کی تصویر کے گرد پیلے اور گلابی پھول بھی چڑھائے گئے۔
نتھو رام گوڈسے کی یاد میں تعلیمی مرکز ہندو قوم پرست جماعت ’ہندو مہاسبا‘ نے قائم کیا ہے۔ گاندھی کے قاتل گوڈسے کا تعلق بھی اسی جماعت سے تھا.
اس جماعت کے ملک بھر میں 7 لاکھ  50 ہزار رکن ہیں۔ ہندو مہاسبا جماعت کے تحت کئی مقامات پر گوڈسے کا مجسمہ نصب کیا گیا ہے اور گوڈسے کے نام پر کئی مندر بھی قائم کیے گئے ہیں۔
تعلیمی مرکز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ہندو مہاسبا کے نیشنل سیکریٹری دیویندرا پانڈے کا کہا کہنا تھا کہ گاندھی کو قتل کرنا گوڈسے کا درست اقدام تھا۔
دیویندرا پانڈے کے مطابق انڈیا پر صرف ہندوؤں کا حق ہے اور اس میں رہنے والے مسلمانوں کو پاکستان منتقل ہو جانا چاہیے۔
دیوندرا پانڈے کا کہنا تھا کہ گوڈسے نے گاندھی کو اس لیے قتل کیا کیونکہ گاندھی نے انڈیا کو دھوکہ دیا تھا۔

لائبریری میں موجود گوڈسے کی تصویر پر پھول چڑھائے گئے۔ فوٹو گارڈین

پانڈے کا کہنا تھا کہ گوڈسے گاین شالا تعلیمی مرکز آنے والی نسلوں کو بھی سکھائے گا کہ گوڈسے قاتل کے بجائے ’ایک سچا قوم پرست تھا۔‘       
30 جنوری 1948 کو گوڈسے نے مہاتما گاندھی کو تین گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ ایک ہندو قوم پرست ہونے کے ناطے گوڈسے کا خیال تھا کہ مہاتما گاندھی نے انڈیا کی تقسیم کراکے ہندوؤں کو دھوکہ دیا ہے۔
نتھو رام گوڈسے کو دہسشت گرد اور غدار قرار دیتے ہوئے پھانسی کی سزا تو دی گئی لیکن حالیہ کچھ سالوں میں گوڈسے کو محب وطن کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی کے سال 2014 سے بر سر اقتدار آنے کے بعد سے ہندو قوم پرستی ملکی سیاست کے مرکزی دھارے میں شامل ہونا شروع ہو گئی ہے۔
بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے مہاتما گاندھی کا سیکولر انڈیا کا نظریہ جہاں ہر مذہب کے لیے برابر کے حقوق موجود ہوں ختم  ہوتا جا رہا ہے۔

شیئر: