Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بادلوں سے بغلگیر ہوتے مدینہ کے پہاڑ ’الفقرۃ‘ کی چوٹیاں

پہاڑ سے ینبع النخل اور ینبع رائل  کمیشن کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے- (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے مشہور پہاڑوں ’الفقرۃ‘ کے اطراف بادلوں کے دلفریب مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ کئی فوٹوگرافروں نے سحر آفریں مناظر کیمروں میں قید کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کیے تھے۔
سب سے زیادہ اسامہ الحربی  کی تصاویر کو پذیرائی ملی جس میں فضا سے تصاویر کا انتخاب  پیش کیا گیا تھا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق الحربی سعودی عرب کے تمام علاقوں کی سیر کرچکا ہے۔ اس کا دلچسپ مشغلہ قدرتی مناظر اور مختلف شکل و صورت کے مقامات کی تصویر کشی ہے۔ 
الحربی کو سیاحت اور الگ تھلگ واقع دلکش مقامات بہت پسند ہیں۔  

الحربی کی اس حوالے سے تصاویر سوشل میڈیا پر پسند کی گئیں- (فوٹو العربیہ)

الحربی نے العربیہ نیٹ سے گفتگو میں کہا کہ  فوٹو گرافی کا فن شوقیہ سیکھا پھر اس میں نکھار پیدا کرنے کے  لیے آن لائن کورس کیے۔  
الحربی  کے مطابق وہ اب تک جازان اور الفقرۃ کے پہاڑوں کے متعدد مقامات کے جمالیاتی مناظر کی تصویر کشی کرچکا ہے۔ الراس الابیض کے ساحل، حقل کے ساحل اور تبوک کے پہاڑوں پر برفباری کی تصاویر بھی وائرل ہوچکی ہیں۔ جہاں غیر معمولی بارش اور برفباری ہوتی ہے وہاں پہنچ کر وہ ان کی تصویر کشی کرتا ہے۔
الفقرۃ پہاڑوں کی فوٹو گرافی کے دوران پہاڑوں کی اونچائی اور ان کی جغرافیائی تشکیل کے حسن کو نمایاں کرنا اس کا اہم مقصد تھا۔ اس نے بادلوں کو الفقرۃ پہاڑ کی چوٹیوں سے بغلگیر ہوتے دیکھا تو اسے بہت اچھا لگا تھا۔ اس نے اس منظر کو خاص طور پر کیمرے میں قید کیا۔ الفقرۃ پہاڑ پر چھائی ہوئی دھند کی وجہ سے اس کا ڈرون لاپتہ ہوگیا تھا۔ پہاڑ کے دشوار گزار راستوں کو عبور کرنے میں بڑی دشواری ہوئی۔ 

پہاڑ کی تصاویر لیتے ہوئے ڈرون بھی گم ہوگیا تھا- (فوٹو العربیہ)

سعودی فوٹو گرافر کا کہنا ہے کہ الفقرۃ پہاڑی سلسلہ ریڑھ کی ہڈی کی طرح ایک لمبی لائن بناتے ہوئے چلا گیا ہے۔ غالبا اسی وجہ سے اسے الفقرۃ کہا جاتا ہے۔ یہ سطح سمندرسے 1.901 میٹر اونچا ہے۔ اس کی چوٹی سے ینبع النخل اور ینبع رائل  کمیشن کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ یہاں شدید گرمی کے موسم میں آب و ہوا معتدل رہتی ہے جبکہ سردی کے موسم میں یہاں زبردست ٹھنڈ پڑتی ہے۔ کبھی کبھار برفباری بھی ہوتی ہے- یہاں کھجوروں کی کاشت کی جاتی ہے۔  
الفقرۃ پہاڑ جانے کے لیے پکا راستہ بنا ہوا  ہے اور مدینہ منورہ کے مغرب سے ہوکر گزرتا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: