Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا وزیرستان میں فور جی انٹرنیٹ کی فراہمی کا اعلان

وزیراعظم نے کہا کہ فور جی کا مسئلہ اس لیے بنا ہوا تھا کہ دہشت گرد بھی اس ٹیکنالوجی کو استعمال کر سکتے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی تھری جی، فور جی سہولت آج سے ہی کھول رہے ہیں۔
بدھ کو جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’مجھے پتہ ہے کہ یہاں کے نوجوانوں کی یہ بڑی ڈیمانڈ تھی اس لیے آج سے ہی یہ مطالبہ پورا کر رہے ہیں۔‘

 

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان میں تعلیم اور روزگار پر بھرپور توجہ دیں گے۔ احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں کی کفالت کریں گے۔ بلوچستان میں بھی لوگ پیچھے رہ گئے ہیں ان کے لیے بھی کام کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انڈیا کی حکومت نے پاکستان میں انتشار پھیلانا اور دہشت گردی کرنی ہے۔ ان گروپس کے پیچھے پیسہ چل رہا ہے۔
’تھری جی، فور جی کا مسئلہ اس لیے بنا ہوا تھا کہ دہشت گرد بھی اس ٹیکنالوجی کو استعمال کر سکتے ہیں۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’سکیورٹی کے حوالے سے انٹیلی جنس اداروں سے بات کی، جنرل باجوہ اور جنرل فیض سے بات کی۔ اور فیصلہ کیا کہ تھری جی، فور جی کی سہولت فراہم کی جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ علاقے میں زیتون کی کاشت شروع کی جا رہی ہے جس سے انقلاب لائیں گے اور مقامی لوگوں کو مستقبل میں نوکریوں کے لیے کراچی نہیں جانا پڑے گا بلکہ اپنے ضلع میں ہی ملازمتیں مل جائیں گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ علاقے کے ’ہر خاندان کو ہیلتھ انشورنس ملے گی اور کسی بھی ہسپتال میں سات لاکھ تک علاج مفت کرا سکیں گے۔‘

شیئر:

متعلقہ خبریں