Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں نئے امریکی سفارت خانے کے لیے پلاٹ کی خریداری

نیا سفارتخانہ ریاض ڈپلومیٹک زون میں 26 ایکڑ پر تعمیر کیا جائے گا (فوٹو: العربیہ)
 سعودی عرب میں متعین امریکی سفیر جان ابی زید نے ریاض میں نئے امریکی سفارت خانے کی عمارت کے لیے پلاٹ خرید لیا ہے- نیا سفارت خانہ ریاض ڈپلومیٹک زون میں 26 ایکڑ پر تعمیر کیا جائے گا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق امریکہ نے حال ہی میں جدہ میں نئے قونصلیٹ کا افتتاح کیا ہے جبکہ الظہران میں نیا قونصلیٹ زیرتعمیر ہے۔
نئے سفارت خانے اور قونصلیٹس پرامریکہ ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی رقم خرچ کرے گا۔ یہ سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان دائمی شراکت کی علامت ہوگا۔  

امریکی سفیر نے تعاون کرنے پر سعودی حکومت اور ریاض رائل کمیشن کا شکریہ ادا کیا ہے (فوٹو: العربیہ)

عاجل ویب سائٹ کے مطابق امریکی سفیر نے سفارت خانے کے لیے پلاٹ کے حصول میں تعاون کرنے پر سعودی حکومت اور ریاض رائل کمیشن کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا سفارت خانہ  امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان 75 برس سے زیادہ قدیم دائمی شراکت کی علامت ہوگا- 
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے 14 اکتوبر 2020 کو واشنگٹن میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کے موقع پر سفارت خانے اور قونصلیٹ پر سرمایہ کاری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ نہ صرف دونوں ملکوں کے اقتصادی اور امن و سلامتی کے تعلقات کو مزید آگے لے جانے کا ثبوت ہے بلکہ سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان مکمل شراکت کی بھی علامت ہے۔
 العربیہ نیٹ کے مطابق امریکہ نے 1942 میں جدہ میں سفارتی مشن کا آغاز کیا تھا۔ 1949 میں دونوں ملکوں کے درمیان مکمل سفارتی تعلقات کا آغاز ہوا۔
سفارتی مشن نے سفارت خانے کی حیثیت اختیار کرلی- شروع میں امریکی سفارت کار قدیم جدہ کے ایک تاریخی گھر میں قیام پذیرتھے۔ 1952 میں امریکی سفارت خانہ اس عمارت میں منتقل ہوگیا تھا جہاں امریکہ کا پہلا قونصلیٹ ہوا کرتا تھا۔  
1984 میں تمام غیرملکی سفارت خانے جدہ سے ریاض منتقل ہوگئے۔ اس وقت جدہ کے سفارت خانے کو قونصلیٹ بنادیا گیا۔ 

شیئر: