439 ڈرون اور 36 میزائل: تین ہفتوں میں سعودی عرب پر ایران کے حملوں کی حیران کن تعداد
بیان کے مطابق 278 کے قریب ڈرون مشرقی صوبے کی جانب بھیجے گئے (فوٹو: سعودی وزارت دفاع)
سعودی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کے آغاز سے اب تک سعودی عرب نے 438 ڈرون اور 36 بیلسٹک اور کروز میزائل تباہ کر دیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق یہ اعداد و شمار سعودی وزارتِ دفاع کے سرکاری بیانات اور سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹس سے اکٹھے کیے گئے ہیں۔
مختلف حملوں کی لہر کے دوران یہ دفاعی کارروائیاں کی گئیں جنہوں نے سعودی فضائی دفاع کو تقریباً تین ہفتوں تک مسلسل چوکس رکھا۔
278 کے قریب ڈرون مشرقی صوبے کی جانب بھیجے گئے جہاں تیل کی بہت سی ریفائنریز ہیں اور اس کے بعد ربع الخالی میں واقع بڑی شیبہ آئل فیلڈ ہے۔
زیادہ تر میزائل الخرج کی طرف بھیجے گئے جو ریاض کے جنوب مشرق میں 80 کلومیٹر پر واقع ہے، جہاں پرنس سلطان ایئر بیس ہے۔
خلیج کے دیگر ممالک پر بھی ایران نے سینکڑوں میزائل داغے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے 165 سے زائد بیلسٹک میزائل اور541 سے زائد ڈرون مار گرائے۔
کویت کی جانب 97 میزائل اور 283 ڈرون داغے گئے جبکہ قطر اور بحرین بھی بار بار حملوں کی زد میں آئے۔
عمان، جو تاریخی طور پر تہران کے ساتھ خفیہ تعلقات رکھتا ہے، مکمل طور پر محفوظ نہیں رہا اور ایرانی طیاروں نے اس کی دقم بندرگاہ کو نشانہ بنایا۔
سعودی عرب بدھ کو ریاض میں عرب اور اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ایک ہنگامی اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں علاقائی سلامتی اور استحکام پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ نے بدھ کی صبح ایکس اکاونٹ پر بیان میں کہا’ اجلاس کا مقصد خطے کی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے مزید مشاورت اور ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔‘
