اسرائیل اور امریکہ نے دنیا کے سب سے بڑے گیس فیلڈ ساؤتھ پارس کو نشانہ بنایا: ایران
اسرائیلی حملوں کا نشانہ بننے والے علاقوں میں مغربی ایران کا صوبہ لورستان، شہر ہمدان اور جنوبی صوبہ فارس شامل ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق بدھ کے روز امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں خلیج کے ایک بڑے گیس فیلڈ میں واقع ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سرکاری ٹی وی نے صوبہ بوشہر کے ڈپٹی گورنر احسان جہانیان کے حوالے سے بتایا کہ ’کچھ دیر قبل عسلویہ میں واقع ساؤتھ پارس سپیشل اکنامک انرجی زون میں گیس کی تنصیبات کے بعض حصوں کو امریکی-صہیونی دشمن کی جانب سے داغے گئے میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔‘
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹنگ ٹیمیں موقع پر پہنچا دی گئی ہیں۔
ساؤتھ پارس/نارتھ ڈوم میگا فیلڈ دنیا کے معلوم گیس ذخائر میں سب سے بڑا ہے۔
یہ فیلڈ، جو قطر کے ساتھ مشترکہ ہے، ایران کی تقریباً 70 فیصد گھریلو قدرتی گیس کی ضروریات پوری کرتا ہے۔
قطر نے بدھ کے روز اس ایرانی تنصیب پر حملوں کی مذمت کی۔
قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا، ’ایران کے ساؤتھ پارس گیس فیلڈ سے منسلک تنصیبات کو اسرائیل کی جانب سے نشانہ بنانا، جو دراصل قطر کے نارتھ فیلڈ کا تسلسل ہے، خطے میں جاری فوجی کشیدگی کے دوران ایک خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔‘
انہوں نے کہا، ’توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا عالمی توانائی کے تحفظ، خطے کے عوام اور ماحولیات کے لیے خطرہ ہے۔‘
ایرانی میڈیا نے بدھ کے روز یہ بھی رپورٹ کیا کہ اسرائیل اور امریکہ نے ملک کے مختلف علاقوں، بشمول دارالحکومت تہران، پر مزید حملے کیے ہیں۔
نشانہ بننے والے علاقوں میں مغربی ایران کا صوبہ لورستان، شہر ہمدان اور جنوبی صوبہ فارس شامل ہیں۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ’لورستان کے شہر درود میں رہائشی علاقوں پر امریکی-صہیونی حملے میں 7 افراد ہلاک اور 56 زخمی ہوئے۔‘
