Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 پولیس اہلکار کے روپ میں وڈیوبنانے پر 3 شہری گرفتار

گرفتار ملزمان کی عمریں 20 سے 30 برس کے درمیان ہیں (فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض میں پولیس نے 3 شہریوں کو گرفتار کرلیا جنہوں نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اپنی وڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریجن پولیس ترجمان میجرخالد الکریدیس کے حوالے سے کہا ہے کہ پولیس کو ایک وڈیو موصول ہوئی جس میں 3 افراد کو پولیس گیٹ اپ میں دکھایا گیا تھا۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان نے پولیس اہلکاروں کے لیے مخصوص اشیا کا بھی استعمال کیا اور وڈیو بناکر اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیاتھا۔
میجر الکریدیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کی شناخت کےلیے پولیس کے مخصوص شعبے سے رابطہ کیا گیا جہاں سے ان کے بارے میں معلومات حاصل کرکے انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
گرفتار ملزمان سعودی شہری ہیں جن کی عمر20 سے 30 برس کے درمیان ہے۔ تینوں ملزمان کے خلاف رپورٹ درج کرکے انہیں متعلقہ تحقیقاتی ادارے کے سپرد کردیا گیا جہاں کیس مکمل کرنے کے بعد انکا چالان عدالت میں پیش کیاجائے گا۔

شیئر: