Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، وزیر مذہبی امور

رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے پاکستان کے مختلف پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے غریب اور نادار لوگوں کے لیے بیس ٹرکوں پر مشتمل ’ونٹر ریلیف پیکیج‘ روانہ کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے رابطہ عالم اسلامی کے تحت آج جمعے کو دار علی بن ابی طالب اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان کے وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی، رابطہ عالم اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالرحمان الزید اور ریجنل ڈائریکٹر سعد مسعود الحارثی نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ ’سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ زلزلہ سیلاب یا کوئی بھی قدرتی آفت ہو، سعودی عرب پاکستانی عوام کی مدد کرنے والا پہلا ملک ہوتا ہے۔ اس بے پناہ محبت، تعاون اور خلوص پر پاکستان کی حکومت اور عوام سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’رابطہ عالم اسلامی کے اس ونٹر پیکیج میں سرد علاقوں کے لیے سات ہزار کمبل اور اشیائے ضروریہ کے پیکٹ بھجوائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر رابطہ عالمی اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی خصوصی شرکت پر، ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
رابطہ عالم اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالرحمان الزید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’انسانوں کی فلاح و بہبود دین اسلام کا خاصا ہے۔ ایک دوسرے کا خیال رکھنے سے ہمارے دلوں میں باہمی محبت بڑھتی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’انسانیت کی مشکلات کم کرنا رابطہ عالم اسلامی کا فرض ہے۔ ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
اس موقع پر مہمانان گرامی نے دار علی بن ابی طالب میں زیر تعلیم یتم بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔

شیئر: