Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سفیر کی وفاقی وزیرغلام سرور خان سے ملاقات

ملاقات کے دوران توانائی اور پٹرولیم سیکٹر میں جاری منصوبوں پر مشاورت کی گئی (فوٹو: وزارت توانائی)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان سے ملاقات میں عمرہ زائرین کے لیے فلائٹس شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔
بدھ کو ایویشن ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں  وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے سعودی سفیر کو قطر کے ساتھ تعلقات کی بحالی پر مبارکباد بھی پیش کی۔
ملاقات میں غلام سرور خان نے خلیجی ممالک میں پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خطے کی خوشحالی اور امن کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
بیان کے مطابق سعودی سفیر نے کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حالات بہتر ہوتے ہی عمرہ زائرین کے لیے فلائٹس جلد شروع کر دی جائیں گی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر نے سعودی سفیر کو بتایا کہ سعودی شہر ابہا کے لیے ہفتے میں دو فلائٹس آپریٹ کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کورونا وائرس کے جلد خاتمے کے لیے بھی دعا کی تاکہ اس سال حج کی ادائیگی احسن طریقے سے کی جا سکے۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے بھی سعودی سفیر سے ملاقات کی۔
وزارت توانائی کے مطابق ملاقات کے دوران توانائی اور پٹرولیم سیکٹر میں جاری منصوبوں پر مشاورت کی گئی۔
وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے سعودی سفیر کو بتایا کہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کاری سے متعلق دوستانہ پالیسیوں کی وجہ سے توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھی۔
جب کہ سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاک سعودی انرجی منصوبوں میں وزارت توانائی کے تعاون کو سراہا۔ سعودی سفیر نے کہا دونوں مسلم ممالک کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

شیئر: