Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ایس او پیز میں کمی کب ہوگی؟

کورونا کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنا بنیادی ہدف ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت کے سیکریٹری برائے جنرل ہیلتھ  ڈاکٹر ھانی جوخدار کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ رواں برس کی تیسری سہ ماہی تک مملکت میں کورونا وائرس کے حوالے سے درکار ’معاشرتی قوت مدافعت‘ کا ہدف حاصل کر لیا جائے جس کے بعد ہی احتیاطی تدابیر میں کمی کیا جانا ممکن ہو سکے گا۔ 
سیکریٹری جنرل ہیلتھ نے نجی ٹی وی ’ایم بی سی‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ کورونا ویکسین کے ذریعے لوگوں میں کورونا کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنا بنیادی ہدف ہے۔

کوشش ہے کہ جلد از جلد ویکسین کا مقررہ ہدف حاصل کرلیا جائے( فوٹو اے ایف پی)

انہوں نے کہا  کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد مقررہ ہدف حاصل کر لیا جائے تاکہ معاشرے کو اس مرض سے چھٹکارہ دلایا جا سکے۔ 
کورونا ویکسین کے حوالے سے ڈاکٹر جوخدار کا کہنا تھا کہ فائزر کمپنی کے ساتھ ہمارا معاہدہ ہے کہ ہفتہ وار ایک لاکھ ویکسین فراہم کی جائیں گی تاہم اس مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔
علاوہ ازیں فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے دیگر ویکسینز کے حصول کی بھی کوششیں جاری ہیں۔ 
انہوں نے اس امر کی بھی یقین دہانی کرائی کہ جن افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جاچکی ہے انہیں وقت مقررہ پر دوسری خوارک بھی فراہم کی جائے گی۔ اس حوالے سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہے۔ 

بعض لوگ ویکسین آنے کے بعد احتیاطی تدابیر پر عمل میں کوتاہی کر رہے ہیں(فوٹو: ٹوئٹر)

ڈاکٹر جوخدار نے کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے مزید کہا کہ اس وقت یہ ضروری ہے کہ ہر شخص مقررہ ضوابط پرسختی سے عمل کرے۔ گھروں سے باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال کیا جائے جبکہ سماجی فاصلے کے اصول کو کسی طرح بھی نظر انداز نہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض لوگوں کو دیکھا گیا ہے کہ وہ ویکسین کے آنے کے بعد احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے میں کوتاہی برت رہے ہیں جو درست نہیں ہے۔

شیئر: