Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میڈیکل کمپنی میں سکیورٹی گارڈ سعودی نوجوان فارمسٹ بن گیا

محنت اور لگن سے ثابت کردیا کہ جذبہ سچا ہوتو کوئی کام مشکل نہیں ہے۔ (فوٹو: سبق)
سعودی نوجوان ماجد علی الرافعی  نے اپنی محنت اور لگن سے ثابت کر دیا کہ جذبہ سچا ہو تو کوئی کام مشکل نہیں ہے۔
میڈیکل کمپنی میں سیکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرنے والا نوجوان ماجد علی الرافعی اب اسی کمپنی میں فارماسسٹ کے طور پر متعین ہے۔ 
ویب نیوز سبق سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ماجد الرافعی نے کہا کہ ’سال 2013 میں عسیر ریجن کی کمشنری رجال المع میں انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے کے بعد کمشنری کے ہی فارمیسی کالج میں داخلہ لیا۔ اس دوران اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے مختلف قسم کے کام کیے‘۔ 
ماجد الرافعی کا کہنا تھا کہ ’محنت میں کوئی برائی نہیں بلکہ برائی ہاتھ پھیلانے میں ہے۔ محنت انسان کو عظیم بناتی ہے۔‘
سعودی نوجوان نے مزید کہا ’گریجویشن کے دوران  متعدد عارضی کام کیے جن میں ریسٹورانٹ کی ملازمت، فوڈ ڈیلیوری بوائے اور آخر میں ایک میڈیکل کمپنی میں سیکیورٹی گارڈ کے طور پر ملازمت اختیار کی اور اس دوران حصول علم کا سلسلہ بھی جاری رہا‘۔ 
 مزید بتایا کہ سال 2018 میں فارمیسی فیکیلٹی سے فارغ ہونے کے بعد خمیس مشیط ریجن کے ایک ہسپتال میں 3 ماہ کے لیے ہاوس جاب کے طور پر فارمیسی میں ملازمت کی جس بعد باقاعدہ فارماسسٹ بن گیا۔ 

سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرنے کے دوران کتابیں میرے ساتھ ہوتی تھیں۔ (فوٹو: سبق)

تعلیم اور روزگار کے حوالے سے پیش آنے والے مشکلات کے سوال پر ماجد الرافعی کا کہنا تھا کہ اس میں شک نہیں کہ مجھے کافی مشکل حالات سے گزرنا پڑا کیونکہ والد کے انتقال کے بعد والدہ اور چھوٹی بہن اوربھائی کے ساتھ دادا کے گھر منتقل ہوگئے تھے جنہوں نے ہمارا ہر طرح سے خیال رکھا۔ 
انہوں نے کہا کہ ’زمانے کے سرد وگرم میں نے اکیلے ہی برداشت نہیں کیے بلکہ گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے میرے بھائی ’مازن ‘ نے بھی میرا ساتھ دیا۔ اسی نے مجھے سکیورٹی گارڈ کے طور پر بھرتی کرایا تھا، میرا بھائی میرا رہنما اور آئیڈیل تھا۔‘
’میری کامیابی کا اصل محرک میری والدہ ہیں جنہوں ہمیشہ اپنی باتوں سے میرا حوصلہ بلند رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ میں زمانے کی مشکلات بڑی آسانی سے سہ گیا اور کامیابی کی منازل طے کرتا گیا، پڑھنے کا شوقین تھا، سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرنے کے دوران بھی کتابیں میرے ساتھ ہوا کرتی تھیں۔
ماجد الرافعی کا کہنا تھا کہ ’مشکلات عارضی ہوتی ہیں۔ ان سے گھبرانا نہیں چاہئے بلکہ ثابت قدمی کے ساتھ اپنے ہدف کو متعین کرتے ہوئے اس کی جانب مکمل توجہ سے کام کیا جائے تو کوئی مشکل نہیں رہتی۔‘

شیئر: