Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایران آنے والے ہفتوں میں ویکسینیشن کا آغاز کرے گا‘

ایران نے دسمبر کے آخر میں اپنی پہلی مقامی ویکسین کے انسانی ٹرائلز کا آغاز کیا. (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں ایران میں کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہو جائے گا۔
برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایران، مشرق وسطیٰ میں وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔
حسن روحانی نے سنیچر کو اپنے ٹی وی خطاب میں کہا کہ ’جب تک مقامی ویکسینز دستیاب نہیں ہو جاتیں، غیر ملکی ویکسینز ضروری ہیں۔‘
تاہم انہوں نے اس بات کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کہا کہ کون سی غیرملکی ویکسینز استعمال کی جائیں گی۔
رواں ماہ کے آغاز میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حکومت پرامریکہ اور برطانیہ سے ویکسینز درآمد کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔ جس کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ممکنہ طور پر دوسرے ممالک میں بھی انفیکشن پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
روحانی نے خود بھی خامنہ ای کی پابندی کی تعمیل کرتے ہوئے اس وقت کہا تھا کہ ان کی حکومت ’محفوظ غیر ملکی ویکسینز‘ خریدے گی۔
ایران نے دسمبر کے آخر میں اپنی پہلی مقامی ویکسین کے انسانی ٹرائلز کا آغاز کیا، حکومت کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیوں کے باوجود اس سے وبا کو شکست دینے میں مدد ملے گی۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ’مقامی اور غیرملکی ویکسینز کے میدان میں اچھی پیش رفت ہو رہی ہے جب کہ تین مقامی ویکسینز، بیرکت، پاستور اور رازی جن میں سے کچھ کو غیرملکی شراکت داری سے بنایا گیا ہے، موسم بہار اور گرما میں شروع ہو سکتی ہیں۔‘
کیوبا رواں ماہ کے آغاز میں کہہ چکا ہے کہ اس نے تہران کے ساتھ اپنی سب سے جدید کورونا وائرس ویکسین ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ایران میں آخری مرحلے کے کلینکل ٹرائلز کا معاہدہ کیا ہے۔

شیئر: