Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے ’مرنے‘ والی خاتون کی 10 دن بعد واپسی، شوہر حیران

خاتون کے شوہر انہیں زندہ دیکھ کر حیران رہ گئے (فوٹو: اے ایف پی)
سپین میں ایک ہسپتال نے معمر خاتون کے خاندان والوں کو بتایا کہ وہ کورونا وائرس کے باعث مر گئی ہیں اور ان کی تدفین کر دی گئی ہے لیکن وہ خاتون 10 روز کے بعد کیئر ہوم میں واپس آ گئیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہسپتال میں ناموں کا رد و بدل ہونے کی وجہ سے 85 سالہ خاتون روگیلیا بلانکو کے گھر والوں کو 13 جنوری کو ان کی موت کی اطلاع دی گئی اور کورونا پابندیوں کے باعث خاندان کو تدفین کے لیے نہیں بلایا گیا۔
سپین کے اخبار لا ووز ڈی گیلیشیا کے مطابق خاتون جس کیئر ہوم میں رہتی تھیں وہاں ان کے خاوند بھی تھے جو انہیں سنیچر کو زندہ دیکھ کر حیران رہ گئے۔
خاوند نے کہا کہ ’میں یقین نہیں کر سکتا۔ میں اپنی بیوی کی موت کے بعد روتا رہا۔‘
حقیقت میں روگیلیا بلانکو کے کمرے میں ایک اور خاتون تھیں جن کی موت ہوئی تھی لیکن غلطی سے ان کا نام لکھ دیا گیا۔
کیئر ہوم کی انتظامیہ نے بتایا کہ غلطی اس وقت ہوئی جب کورونا کی شکار اس خاتون سمیت دیگر مریضوں کو 29 دسمبر کو دوسرے کیئر ہوم میں منتقل کیا گیا۔
انتظامیہ نے اس غلطی پر پچھتاوے کا اظہار کیا ہے۔ عدالت کو کہا گیا ہے کہ وہ خاتون کی موت کے حوالے سے کی گئی اس غلطی کو ریکارڈ میں درست کرے۔

شیئر: