Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کی بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات پر 20 دنوں میں ایکشن پلان بنانے کی ہدایت

پاکستان سٹیزن پورٹل پر ایک لاکھ 64 ہزار سے زائد بیرون ملک مقیم پاکستانی رجسٹرڈ ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے دفتر خارجہ کو کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔  
وزیراعظم آفس کے ترجمان نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور بزنس کمیونٹی کی جانب سے سفارتی عملے کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں، جس پر وزیراعظم عمران خان نے دفتر خارجہ کو بیرون ملک موجود سفارتی عملے اور مشن کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔  
وزیراعظم آفس کی جانب سے پاکستان میں دفتر خارجہ کو 20 دنوں کے اندر ایکشن پلان مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بیرون ملک تعینات سفارتی عملے کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔  
وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق دفتر خارجہ ہر چار ماہ بعد وزیراعظم آفس کو سفارتی عملے کی کارکردگی رپورٹ ارسال کرے گا جس کی بنیاد پر سفارتی عملے کی تعیناتی کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔  
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے شہریوں کی جانب سے شکایات کے لیے پاکستان سٹیزن پورٹل جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے لیے ’کال سرزمین‘ نامی خصوصی ایپ لانچ کی ہے۔
پاکستان سٹیزن پورٹل پر ایک لاکھ 64 ہزار سے زائد بیرون ملک مقیم پاکستانی رجسٹرڈ ہیں۔ جن میں سے اکثریتی تعداد متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، برطانیہ، امریکہ اور قطر میں مقیم پاکستانیوں کی ہے۔  
اس کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں کی وفاقی اداروں سے متعلق شکایات کے حوالے سے وفاقی محتسب کو بھی متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

’وفاقی محتسب نے سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ون ونڈو ڈیسک قائم کیے ہیں' (فائل فوٹو: سبق)

 گذشتہ ایک سال میں سب سے زیادہ شکایات وزارت امیگریشن، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ سے متعلق موصول ہوئی ہیں۔ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے مطابق وفاقی حکومت کے زیرانتظام محکموں کے خلاف شکایات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ان شکایات میں ایک بڑی تعداد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ہے۔ جس میں انہوں نے وفاقی اداروں سے متعلق اپنے ساتھ پیش آنے والے مسائل کے بارے میں شکایت کی ہے۔
وفاقی محتسب میں سمندر پار پاکستانیوں کے لیے قائم شکایات مرکز کے حکام نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ’وفاقی محتسب نے سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ون ونڈو ڈیسک قائم کیے ہیں جہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے متعلق 12 سرکاری محکموں کے افسران 24 گھنٹے موجود رہتے ہیں اور مسافروں کی شکایات کو موقع پر ہی حل کردیا جاتا ہے۔‘ 
یاد رہے کہ وفاقی محتسب نے پاکستان کے تمام سفارت خانوں کو بھی ہدایت کر رکھی ہے کہ پاکستان کے سفیر ہفتے کا ایک دن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مختص کریں۔ اس دن سفیر پاکستانیوں کی شکایات سن کر ان کا فوری ازالہ کریں۔ اس سلسلے میں ہر سفارت خانے کی طرف سے وفاقی محتسب کو ہر ماہ ایک مفصل رپورٹ بھی ارسال کی جاتی ہے۔ 

شیئر: