Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی آرامکو مشرق وسطیٰ کے قیمتی ترین برانڈز میں پہلے نمبر پر

رپورٹ میں آرامکو کی برانڈ ویلیو 37 اعشاریہ پانچ ارب ڈالر لگائی گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی آرامکو نے مشرق وسطیٰ کے سب سے قیمتی برانڈ کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کو برانڈ فنانس گلوبل 500 نے اپنی رواں سال کی رپورٹ میں مملکت کی سب سے بڑی تیل کی کمپنی کی قیمت 37 اعشاریہ پانچ ارب ڈالر لگائی ہے۔
برانڈ فنانس کے سی ای او ڈیوڈ ہیگ کا کہنا ہے کہ ’آرامکو تیل کی صنعت میں چھپی ہوئی ایک دیوہیکل کمپنی ہے، جس کے برانڈ نے آخرکار عوام کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ یہ ہمیشہ بزنس ٹو بزنس برانڈ کے طور پر جانا جاتا رہا ہے لیکن اس میں مشہور صارف برانڈ بننے کی امنگیں ہیں۔‘

 

ڈیوڈ نے مزید کہا کہ ’اس وقت اس کا پیمانہ بڑا ہے لیکن اس کی برانڈ ایکویٹی ترقی کے ابتدائی مرحلے میں ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ اگلی دہائی میں مزید طاقت حاصل کرتے ہوئے عالمی سٹیج میں شامل ہو جائے گا۔‘
ابوظبی نیشنل آئل کمپنی کو خطے کا دوسرا سب سے قیمتی برانڈ قرار دیا گیا ہے، جو اس کے تیل کی آئل سیکٹر میں اجارہ داری کو ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آرامکو نے اپنی برانڈ ویلیو میں 20 فیصد کمی کے باوجود اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
جبکہ ابوظبی نیشنل آئل کمپنی کی برانڈ ویلیو میں ایک مشکل سال کے باوجود صرف چھ فیصد کمی آئی اور اس نے کامیابی سے اپنی پوزیشن کو برقرار رکھا۔
ڈیوڈ ہیگ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ’ابوظبی نیشنل آئل کمپنی نے مقامی صنعت کی نمو میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ابوظبی کی عالمی سافٹ پاور پوزیشن کو تقویت دی ہے اور متحدہ عرب امارات کے پائیدار معاشی اہداف کو آگے بڑھایا ہے۔‘
رپورٹ میں شامل دوسرے مشرق وسطیٰ کے برانڈز میں سعودی ٹیلی کام کمپنی ایس ٹی سی، متحدہ عرب امارات کی اتصالات، قطر نیشنل بینک، دبئی ایمریٹس ایئرلائن اور پیٹروکیمیکل فرم سابک شامل ہیں۔

شیئر: