Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مارگلہ کی پہاڑیوں میں معدومیت کے خطرے سے دوچار تیندوے کا جلوہ

مارگلہ پہاڑیوں پر وائلڈ لائف مینیجمنٹ بورڈ کی جانب سے لگے کیمروں نے تیندوا کی تصویریں لی ہیں (فوٹو: وائلڈ لائف)
مارگلہ کی پہاڑیوں میں معدومیت کے خطرے سے دوچار تیندوے کو دیکھا گیا ہے۔
اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کی جانب سے لگے کیمروں نے مارگلہ نیشنل پارک کے قریب تیندوے کی تصویریں بنائی ہیں۔
محکمے کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹریلز فور اور ٹریلز سکس پر محتاط رہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ تنیدوے مانوس ہو چکے ہیں اور وہ دن کے وقت نہیں نکلتے۔ ’تیندوے سیلف ڈیفنس میں حملہ کرتے ہیں، شہری محتاط رہیں۔‘
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے مطابق سٹاف نے مارگلہ ہلز پر نیشنل پارک کے قریب کیمرے لگائے ہیں۔ ان کی بدولت جنگلی حیات کو تحفظ ملے گا اور ذمہ دار سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ اس حوالے سے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ سے وابستہ رینا ایس خان نے ٹوئٹر پر تیندوے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’یہ بیوٹی، اس کو ہم شہزادی کہتے ہیں، چار اور چھ کے ٹریلز پر لگے کیمروں میں دکھائی دی ہے، ان تیندووں کی نسل معدومیت کے خطرے سے دوچار ہے براہ مہربانی رات کے وقت ٹریلز پر نہ جائیں اور گروپس کی شکل میں جائیں۔‘
اس ٹویٹ پر مختلف صارفین کی طرف تبصرے کیے گئے جن میں کئی نے صرف لفظ ’بیوٹی‘ لکھا۔
خیال رہے چند ماہ پیشتر لاک ڈاؤن کے دوران جب پہاڑوں پر آمدورفت کم ہو گئی تھی ان دنوں محکمے کی جانب سے لگے کیمروں میں چیتے، گیدڑ اور دیگر جانوروں کی ویڈیوز بنیں جن کو عوام نے بہت پسند کیا۔
تاہم لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد جانوروں کی نقل و حرکت ایک بار پھر محدود ہوئی۔ تاہم گیدڑ، بندر وغیرہ نظر آتے ہیں جب کہ تیندوا کافی عرصے بعد دکھائی دیا ہے۔

شیئر: