Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور پاکستان کے تعاون سے یمن کے مریضوں کے لیے آن لائن کلینک

سنٹر میں عربی و انگریزی روانی سے بولنے والے ایک کوآرڈینیٹر مریضوں کو کراچی میں قائم ٹیلی کلینک سے منسلک کرتے ہیں۔ فوٹو: سپلائیڈ
کراچی میں قائم آن لائن ہیلتھ کلینک کے ڈاکٹر یمن میں جنگ سے متاثرہ خواتین اور بچوں کو طبی مشورے فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کراچی کی تنظیم نے دنیا بھر میں پاکستانی خواتین ڈاکٹروں کی مدد سے یہ آن لائن کلینک قائم کیا ہے۔
یہ سہولت یمن کے ابیان گورنریٹ کے صحت مرکز میٹرنل و چائلڈ ٹیلی سنٹر میں مفت فراہم کی جا رہی ہے جہاں ایک ہفتے میں 200 سے زائد افراد نے آن لائن طبی معائنہ کرایا۔

 

یمن میں یہ سنٹر سنہ 2016 میں سعودی عرب اور پاکستان نے ایک غیر منافع بخش سوسائٹی ایڈوکاسٹ کے ذریعے قائم کیا تھا۔
سنٹر میں عربی و انگریزی روانی سے بولنے والے ایک کوآرڈینیٹر مریضوں کو کراچی میں قائم ٹیلی کلینک سے منسلک کرتے ہیں جہاں پاکستان بھر اور سعودی عرب سمیت پندرہ ملکوں کی خواتین ڈاکٹر ان کا مفت آن لائن طبی معائنہ کرتی ہیں۔
ایڈوکاسٹ کے چیف ایگزیکٹو افسر عبداللہ بٹ نے عرب نیوز کو بتایا کہ آن لائن طبی معائنے کے اس سہولت مرکز کے حوالے سے مریضوں کا ردعمل انتہائی متاثر کن ہے۔
یمن میں صحت مرکز سے منسلک نرس مریم عبداللہ صالح نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ہم نے ایک ہفتے میں دو سو مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی اور لوگ خوش ہیں کیونکہ ان کو درست تشخیص کے ساتھ ادویات بھی مل رہی ہیں۔‘
ایڈوکاسٹ اسی طرح کے مراکز اب یمن کے علاقوں معارب اور حضرالموت میں قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
عبداللہ بٹ کے مطابق اگلی سہولت مرکز کی اگلی منزل معارب ہے جہاں ایک موبائل یونٹ بھی لگایا جائے گا۔

عبداللہ بٹ کے مطابق اگلی سہولت مرکز کی اگلی منزل معارب ہے جہاں ایک موبائل یونٹ بھی لگایا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

یمن میں ان صحت سہولت مراکز پر عام کلینکس کے متبادل کے طور پر اس لیے اہمیت حاصل ہے کہ دیہی علاقوں میں خواتین کے لیے بہت کم ڈاکٹرز دستیاب ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق جنگ سے متاثرہ علاقوں میں ہر پانچ میں سے ایک شخص ذہنی تناؤ سمیت مختلف نفسیاتی عوارض کا شکار ہوتا ہے۔
یمن میں ایڈوکاسٹ کے آپریشنز کے سربراہ غلام مصطفیٰ تبسم نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو درپیش چیلنجز کا علم ہے اور مرکز مقامی افراد کی ذہنی صحت کے مسائل پر توجہ مرکوز رکھے گا۔

شیئر: