Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب کے لیے پی آئی اے کی کارگو سروس بدستور جاری رہے گی‘ 

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’پاکستان سے جدہ، ریاض، مدینہ اور دمام کے لیے کارگو سروس جاری رہے گی‘ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی جانب سے کورونا وائرس کی نئی لہر کے بعد پاکستان سمیت 20 ممالک سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر جزوی پابندی عائد کی گئی ہے تاہم پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب کے لیے اپنی کارگو سروس بدستور جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔  
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’سعودی حکام کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کے بعد جمعرات سے سعودی عرب کے لیے شیڈول کی گئی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں تاہم پاکستان سے سعودی عرب کے لیے کارگو سروس بدستور جاری رہے گی۔‘  

 

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’پاکستان سے جدہ، ریاض، مدینہ اور دمام کے لیے کارگو سروس جاری رہے گی، جبکہ سعودی عرب سے پاکستان آنے والے مسافروں کو بھی واپس لانے کے لیے فضائی آپریشن بحال رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘  
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ’پاکستان سے سعودی عرب کے لیے روزانہ کی بنیاد پر چار پروازیں چلائی جارہی تھیں، تاہم پابندیوں کے باعث اب صرف سعودی عرب سے پاکستان کے لیے یک طرفہ پروازیں ہی چلائی جائیں گی۔‘
پی آئی اے حکام کے مطابق ’کارگو سروس بحال رکھنے کا فیصلہ سعودی عرب کے لیے برآمدات متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔‘  
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ دسمبر میں پی آئی اے نے سعودی عرب کے لیے کارگو پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا جس میں پاکستان سے پھل، سبزیاں اور حلال گوشت برآمد کرنے کا آغاز کیا گیا تھا۔  
کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کی ایوی ایشن انڈسٹری متاثر ہوئی ہے۔ کورونا سے ہونے والے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے پی آئی اے نے سعودی عرب اور چین کے لیے کارگو سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 

شیئر: