Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہر طرح کے حالات میں حج انتظامات کی اہلیت ہے: وزیر حج

گزشتہ سال حج کے لیے بہترین سکیمیں تیار کی تھیں- (فوٹو وزارت حج و عمرہ ٹوئٹر)
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح بنتن نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہر طرح کے حالات میں حج انتظامات کی اہلیت رکھتا ہے۔
کورونا وبا کے دوران سعودی عرب کے سرکاری اور نجی اداروں نے جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے زائرین کی خدمت کی اور اپنی توانائیاں وقف کردیں۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر بنتن حج و عمرہ و زیارت فورم کے اجلاس سے آن لائن خطاب کررہے تھے۔ جس کا عنوان ’کورونا سے نمٹنے اور حج و عمرہ پر وبا کے اثرات کو قابو کرنے میں سعودی عرب کی کامیابی کا قصہ‘ ہے۔ فورم کا اہتمام ام القری یونیورسٹی نے کیا ہے۔  

وبا کے دوران عمرہ زائرین کو ہر ممکنہ سہولتیں دیں- (فوٹو وزارت حج وعمرہ ٹوئٹر)

ڈاکٹر بنتن کا کہنا تھا کہ وزارت حج و عمرہ نے کورونا وبا شروع ہوتے ہی ایک لاکھ سے زیادہ عمرہ زائرین کو مدینہ منورہ اور چھ لاکھ سے زیادہ عمرہ زائرین کو مکہ مکرمہ میں سہولتیں فراہم کیں۔ یہ خدمت مقدس مساجد کی بندش اور وبا کے زمانے میں کی گئی۔
انہوں نے حج موسم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’وزارت نے حج موسم 1441ھ کے دوران پانچویں رکن کی ادائیگی کے لیے بہترین سکیمیں تیار کی تھیں۔ حج موسم کے انتظامات سربلندی کا باعث بنے۔ مملکت نے ثابت کردیا کہ سعودی عرب ہر طرح کے حالات میں حج انتظامات کی صلاحیت رکھتا ہے۔ زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے اور حج وفود کو معتبر انداز میں منظم کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا گیا۔‘
وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ ’ہماری وزارت نے حج موسم کے دوران متعلقہ اداروں کے تعاون سے جائزے تیار کیے تھے۔ مقصد یہ تھا کہ حج و عمرے کے انتظامات سادہ ہوں۔ کسی بھی زائر کو کسی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو اور تمام وبا سے محفوظ رہیں۔‘
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: