Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز بولرز کے نام

وان ڈرڈیوسن کو حسن علی نے بولڈ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے  دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ چار وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے تھے۔ 
میچ کے دوسرے دن جب کم روشنی کے باعث کھیل جلد ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس وقت کپتان ڈی کاک 24 اور  ٹیمبا باوما 15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ 
پاکستان پہلی اننگز میں 272 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کا پہلی اننگز کا آغاز بھی متاثر کن نہ تھا اور اس کی ابتدائی دو وکٹیں جلد ہی گر گئیں۔
اوپنر ڈین الگر 15 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پرکیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد اگلی ہی گیند پر راسی وان ڈرڈیوسن کو حسن علی نے بولڈ کر دیا۔
اس کے بعد ایڈن ماکرم اور فاف ڈوپلسی نے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا لیکن  فاف ڈوپلسی صرف 17 رنز بنا کر ہی فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
84 کے مجموعی سکور پر نعمان علی نے  ایڈن ماکرم کو آؤٹ کر دیا، انہوں نے 24 رنز بنائے۔
اس سے پہلے پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو کپتان بابر اعظم پہلے ہی اوور میں نوکیا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 12 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے۔
اس کے بعد فواد عالم بھی 45 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
محمد رضوان اور فہیم اشرف نے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا اور 41 رنز کی شراکت داری بنائی۔ جس کے بعد رضوان اینرخ نوکیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
حسن علی بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور صرف آٹھ رن بنا کر پویلین واپس روانہ وہ گئے، انہیں مہاراج نے آؤٹ کیا۔
یاسر شاہ بھی آٹھ رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ جبکہ نعمان علی بھی آٹھ اور شاہین شاہ آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
دوسری جانب فہیم اشرف کی جانب سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے 97 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی اور 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے فاسٹ بالر اینرخ نوکیا نے پانچ اور کیشو مہاراج نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے کھیل کے پہلے دن بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پاکستانی ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام ہو گیا۔
اوپنر عمران بٹ 15 رنز بنانے کے بعد کیشو مہاراج کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے، جبکہ اظہر علی کوئی رن بنائے بغیر مہاراج ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
عابد علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور چھ رنز بنا کر اینرخ نوکیا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
22 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور فواد عالم نے ٹیم کی ڈوبتی ناؤ کو سنبھالا اور 123 رنز کی شراکت داری بنائی۔
پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے ہرایا تھا۔
کپتان بابر اعظم کے پاس پنڈی ٹیسٹ میچ جیت کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار مسلسل دو ٹیسٹ میچوں میں جنوبی افریقہ کو زیر کرنے کا موقع ہو گا۔

شیئر: