Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد: آوارہ کتے کے کاٹنے سے چار بہنوں کا اکلوتا بھائی زندگی کی بازی ہار گیا

سفیان عباسی اسلام آباد کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں پانچویں سمسٹر کے طالب علم تھے (فوٹو: اُردو نیوز)
دو برس قبل جب پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے دھیرکوٹ سے تعلق رکھنے والے 21 برس کے سفیان عباسی نے اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں قدم رکھا، تو اُن کا مقصد محض ایک ڈگری حاصل کرنا نہیں بلکہ اپنے گھر والوں کے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھنا بھی تھا۔
شعبۂ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں داخلہ لینے کے بعد سفیان نے یونیورسٹی کے ہاسٹل ہی کو اپنا مسکن بنا لیا۔ چار بہنوں کے اکلوتے بھائی نے ابھی تعلیمی سفر کے چار سمسٹر ہی طے کیے تھے اور پانچویں میں قدم رکھا ہی تھا کہ ہاسٹل فائیو کے گیٹ پر وہ ایک آوارہ کتے کے کاٹنے سے جان سے چلے گئے۔
یہ المیہ 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب پیش آیا، جب سفیان عباسی ایک فون کال سننے کے لیے اپنے کمرے سے نکل کر ہاسٹل کے گیٹ کے قریب آ کر کھڑے ہوئے۔ وہ فون پر بات کرنے میں مصروف تھے کہ رات کے اندھیرے میں اچانک ایک آوارہ کتا اُن کی جانب لپکا اور اِنہیں کاٹ لیا۔
واقعے کے فوری بعد ساتھی طلبہ انہیں اسلام آباد کے پمز ہسپتال لے گئے، جہاں اُن کا علاج شروع کیا گیا اور ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔ وقت کے ساتھ زخم بھی بھر گیا اور یوں محسوس ہونے لگا کہ خطرہ ٹَل چکا ہے، لیکن کسی کو اندازہ نہ تھا کہ 9 نومبر کو ویکسین کے پانچویں اور آخری انجیکشن لگنے میں ہونے والی معمولی سی تاخیر جان لیوا ثابت ہوگی۔
پھر اتوار 15 نومبر کی صبح ایک خاموش طوفان لے کر آئی اور سفیان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ اِنہیں فوری طور پر دوبارہ پمز ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اِس خدشے کی تصدیق کر دی کہ ریبیز کا جان لیوا انفیکشن اِن کے جسم میں سرایت کر چکا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آوارہ کتوں کی تعداد گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل بڑھ رہی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

بعد ازاں اِنہیں راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال بھی منتقل کیا گیا، مگر تمام تر کوششوں کے باوجود وہ موت سے یہ جنگ نہ جیت سکے اور 16 اور 17 نومبر کی درمیانی شب ہمیشہ کے لیے آنکھیں موند لیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا متاثرہ خاندان سے ہر ممکن تعاون کا اعلان
اُردو نیوز نے اِس معاملے پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے  ترجمان ڈاکٹر حسن شہزاد سے گفتگو کی، جنہوں نے اِس حادثے پر یونیورسٹی کی جانب سے انتہائی دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’یونیورسٹی کی اعلیٰ انتظامیہ سوگوار خاندان سے ملاقات کرے گی اور متاثرہ خاندان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔‘
یونیورسٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ ’اسلام آباد میں آوارہ کتوں کا مسئلہ دیرینہ ہے، جس کے تدارک کے لیے سی ڈی اے اور یونیورسٹی انتظامیہ کئی مرتبہ مشترکہ مہم چلا چکی ہے۔‘
ترجمان نے وضاحت کی کہ ’یونیورسٹی کے گرد اگرچہ حفاظتی دیوار موجود ہے، تاہم چند کھلے مقامات اور نالے کے اطراف سے آوارہ کتے کیمپس میں داخل ہو جاتے ہیں، جنہیں بند کر کے حفاظتی خامیوں کو جلد دور کیا جائے گا۔‘

سفیان عباسی کو کتے کے کاٹنے کے فوری بعد اسلام آباد کے پمز ہسپتال لے جایا گیا (فائل فوٹو: روئٹرز)

یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں ریبیز ویکسین کی دستیابی سے متعلق سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ ’مرکز میں فوری ابتدائی طبی امداد کے لیے تمام ضروری ادویات ہمیشہ دستیاب رہتی ہیں۔‘
’وہ ہر وقت اپنی پڑھائی اور گھر والوں کی فکر کرتا تھا‘
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی تحصیل دھیرکوٹ کے علاقے چمن کوٹ سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ سفیان عباسی کو انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ڈگری حاصل کرنے کا بے حد شوق تھا اور وہ اپنی تعلیم مکمل کر کے اپنے والدین اور بہنوں کا سہارا بننا چاہتے تھے۔
سفیان عباسی کے چچازاد بھائی مومن عباسی نے اُردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’سفیان کے والد روزگار کے سلسلے میں بیرونِ ملک مقیم ہیں جو آج شام وطن پہنچ رہے ہیں، جب کہ آج سہ پہر سفیان کی نمازِ جنازہ ادا کی جا رہی ہے۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’پورا خاندان اِس صدمے سے نڈھال ہے اور چار بہنوں کے اکلوتے بھائی کی یوں موت پر اُن کی والدہ اور بہنوں میں صفِ ماتم بچھی ہوئی ہے۔‘
اسی طرح اردو نیوز نے سفیان عباسی کے ہم جماعت شاہزیب علی سے بھی گفتگو کی، جنہوں نے بتایا کہ ’سفیان ایک انتہائی ہونہار اور محنتی طالب علم تھا اور وہ جلد از جلد اپنی ڈگری مکمل کرنا چاہتا تھا۔‘

شہر کے رہائشی سیکٹرز کے علاوہ تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر کے آس پاس بھی آوارہ کتوں کی بھرمار دکھائی دیتی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

شاہزیب نے کہا کہ ’وہ ہر وقت اپنی پڑھائی اور اپنے گھر والوں کی فکر کرتا رہتا تھا۔ گزشتہ ماہ پیش آنے والے اِس واقعے کو ابتدا میں ہم سب نے زیادہ سنگین نہیں سمجھا تھا اور وہ بظاہر صحت یاب بھی ہو گیا تھا، لیکن ہمیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ وہ اس طرح اچانک ہمیں ہمیشہ کے لیے چھوڑ جائے گا۔‘
سفیان عباسی کے ساتھیوں کے مطابق کتے کے کاٹنے کے بعد وہ علاج اور آرام کی غرض سے کچھ روز کے لیے چھٹیوں پر گھر چلے گئے تھے، اور جب طبیعت بہتر ہوئی تو وہ واپس یونیورسٹی لوٹے اور باقاعدگی سے اپنی کلاسز لینے لگے اور ہاسٹل میں ہی قیام کیا۔ تاہم چند ہی روز گزرنے کے بعد اچانک اُن کی طبیعت بگڑی اور اُن کا یہ تعلیمی سفر ہمیشہ کے لیے اختتام کو پہنچ گیا۔
اسلام آباد میں آوارہ کتوں کا بڑھتا ہوا مسئلہ
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آوارہ کتوں کی تعداد گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل بڑھ رہی ہے۔ شہر کے رہائشی سیکٹرز کے علاوہ تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر کے آس پاس بھی آوارہ کتوں کی بھرمار دکھائی دیتی ہے، جس کے تدارک کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) وقتاً فوقتاً کارروائیاں کرتی رہتی ہے۔
سی ڈی اے نے آوارہ کتوں کی آبادی کنٹرول کرنے کے لیے نس بندی (اسپے اینڈ نیوٹر) کا ایک منصوبہ بھی شروع کر رکھا ہے، تاہم قانونی اور عدالتی معاملات کے باعث اس پر تاحال مؤثر عمل درآمد نہیں ہو پا رہا۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے متاثرہ خاندان سے ہرممکن کرنے کا اعلان کیا ہے (فائل فوٹو: یونیورسٹی آفیشل)

دوسری جانب سی ڈی اے کے ترجمان نے اِس معاملے پر اُردو نیوز سے گفتگو میں بتایا تھا کہ طے شدہ قواعد و ضوابط (ایس او پیز) کے تحت اسلام آباد بھر میں آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے کارروائیاں باقاعدگی سے جاری رہتی ہیں۔

شیئر: