Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بال ٹیمپرنگ سکینڈل پر پیٹ کمنز کا ردعمل، ’یہ وہ عثمان نہیں ہیں جنہیں میں جانتا ہوں‘

پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کی کتاب ’صبر: فائنڈنگ مائی وے اِن کرکٹ اینڈ لائف‘ میں کیے گئے انکشافات پر 68 منٹ طویل پریس کانفرنس کی۔(فوٹو:اے ایف پی)
آسٹریلیا کے ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان پیٹ کمنز نے سابق ساتھی کھلاڑی عثمان خواجہ کے 2018 کے بال ٹیمپرنگ سکینڈل سے متعلق انکشافات مسترد کرتے ہوئے پوری ٹیم کو سینڈ پیپر کے استعمال کا علم ہونے کے دعوے کو ’مکمل طور پر بے بنیاد‘ قرار دیا ہے۔
 تاہم سابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے خواجہ کی حمایت کرتے ہوئے کمنز کے بیان پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
وارنر کے مطابق کمنز نے اپنے سابق ساتھی کو ’بس کے نیچے دھکیل دیا‘، جبکہ کمنز نے خواجہ کے اس الزام کو سب سے سنگین قرار دیا ہے کہ انہیں ’جلد کے رنگ‘ کی وجہ سے آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی نہیں دی گئی۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کی خودنوشت کتاب ’صبر: فائنڈنگ مائی وے اِن کرکٹ اینڈ لائف‘ میں کیے گئے انکشافات پر 68 منٹ طویل پریس کانفرنس کی، جس میں انہوں نے اپنے اور خواجہ کے تعلقات، ٹیم کے ماحول اور بال ٹیمپرنگ سکینڈل پر بات کی۔
کمنز نے خواجہ کے اس دعوے کو مسترد کیا کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران پوری ٹیم کو سینڈ پیپر کے منصوبے کا علم تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ مکمل طور پر بے بنیاد بات ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ خواجہ نے کتاب میں اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے محتاط رہنے کا مشورہ دیا تھا۔
کمنز کے مطابق ’یہ وہ عثمان نہیں ہیں جنہیں میں جانتا ہوں۔ میرے خیال میں وہ عثمان ہوتے تو اسی وقت اس معاملے کو روک دیتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عثمان میرے دوست ہیں، لیکن لوگوں کی زندگیوں اور آسٹریلوی کرکٹ کے بارے میں غیر سنجیدہ انداز میں بات کرنا درست نہیں اور دوست ایسا نہیں کرتے۔‘
کمنز نے بتایا کہ رواں ہفتے ان کی خواجہ سے بات ہوئی، تاہم گفتگو کی تفصیلات بتانے سے انکار کیا۔ انہوں نے کتاب سرسری طور پر دیکھی ہے، لیکن اسے مکمل پڑھنے کا فیصلہ نہیں کیا۔
کمنز نے تسلیم کیا کہ 2018 میں آسٹریلوی ٹیم کا ماحول اچھا نہیں تھا اور جیتنے کے لیے ہر حد تک جانے کی سوچ موجود تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’اس وقت ٹیم کا ایک تاریک پہلو تھا اور اندر بہت سے گروپ بنے ہوئے تھے۔ میں نے گزشتہ چھ برس کے دوران بطور کپتان ان خامیوں کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔‘
ان کے مطابق ٹیم کے کھلاڑی میدان میں امپائرز اور مخالف کھلاڑیوں سے جارحانہ اور بعض اوقات متکبرانہ انداز میں بات کرتے تھے، جو انہیں اپنے ابتدائی کیریئر میں اچھا نہیں لگتا تھا۔

پیٹ کمنز نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں میدان کے اندر بال ٹیمپرنگ کا صرف ایک واقعہ دیکھا، جو شیفیلڈ شیلڈ کے ایک میچ میں پیش آیا تھا۔(گیٹی امیجز)

پیٹ کمنز نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں میدان کے اندر بال ٹیمپرنگ کا صرف ایک واقعہ دیکھا، جو شیفیلڈ شیلڈ کے ایک میچ میں پیش آیا تھا۔
ان کے مطابق ایک سینئر کھلاڑی نے بوتل کے ڈھکن سے گیند خراب کرنے کی کوشش کی، تاہم امپائرز نے اسے روک دیا۔
کمنز نے کہا کہ انہوں نے سپر گلو، کپڑوں کے لوگو، زِپ، وکٹ کیپرز کے دستانوں اور ناخن پالش کے ذریعے گیند کی ساخت تبدیل کرنے کے طریقوں کے بارے میں سنا تھا، لیکن اپنی ٹیم میں ایسا ہوتے نہیں دیکھا۔

 کپتانی نہ ملنے میں نسل پرستی کا الزام

عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد اسٹیون اسمتھ کی جگہ انہیں عبوری کپتان مقرر نہیں کیا گیا کیونکہ آسٹریلوی حکام کسی ’براؤن آسٹریلوی کپتان‘ کے لیے تیار نہیں تھے۔
کمنز نے اس الزام کو سب سے سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ کہنا کہ کسی شخص کے لیے اس کی جلد کے رنگ کی بنیاد پر میرا عہدہ محدود ہے، بہت بڑا الزام ہے۔ ایسا کہنے کے لیے ثبوت ہونا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ خواجہ کی بہت سی باتوں سے اتفاق کرتے ہیں، لیکن اس الزام سے بالکل متفق نہیں۔
ٹیم میں نسل پرستی سے متعلق سوال پر کمنز نے کہا کہ ماضی میں بعض کھلاڑیوں کو تعصب یا امتیازی سلوک کا احساس ہوا ہو گا، تاہم انہوں نے گزشتہ آٹھ برس میں ٹیم میں کوئی انتہائی نسل پرستانہ رویہ نہیں دیکھا۔

پیٹ کمنز نے 2018 کے اسکینڈل میں اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو دی جانے والی پابندیوں کو بھی ضرورت سے زیادہ سخت قرار دیا۔(گیٹی امیجز)

تین کھلاڑیوں کی سزائیں ضرورت سے زیادہ سخت تھیں

پیٹ کمنز نے 2018 کے اسکینڈل میں اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو دی جانے والی پابندیوں کو بھی ضرورت سے زیادہ سخت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کا دورہ تنازعات سے بھرپور تھا، جس میں ڈربن کا سیڑھیوں والا واقعہ، ناتھن لائن کی جانب سے اے بی ڈی ویلیئرز پر گیند گرانا اور کگیسو ربادا کا اسٹیون اسمتھ کے کندھے کو چھونا شامل تھا۔ ربادا پر عائد پابندی بعد میں ختم کر دی گئی تھی۔
کمنز کے مطابق اس دورے میں دیگر ٹیموں کے کھلاڑی بھی بال ٹیمپرنگ کرتے پکڑے گئے، لیکن انہیں معمولی جرمانے یا ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ ایک عجیب سیریز تھی اور مجھے خوشی ہے کہ اس کے بعد ہم نے ایسی سیریز نہیں دیکھی۔ میرے خیال میں سزاؤں کے پیمانے کا توازن بھی بگڑ گیا تھا۔‘

ڈیوڈ وارنر عثمان خواجہ کے حق میں بول پڑے

دوسری جانب ڈیوڈ وارنر نے پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے عثمان خواجہ کی حمایت کی ہے۔

وارنر نے فاکس کرکٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خواجہ کی کتاب میں بیان کیے گئے مؤقف کو درست سمجھتے ہیں۔(گیٹی امیجز)

آسٹریلوی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق وارنر نے فاکس کرکٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خواجہ کی کتاب میں بیان کیے گئے مؤقف کو درست سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں اب بھی عثمان کی حمایت کرتا ہوں اور ان کی بات کو سچ سمجھتا ہوں۔ مجھے ان کے لیے افسوس ہے۔ آج کپتان نے انہیں بس کے نیچے دھکیل دیا اور اس بات پر مجھے بہت مایوسی ہوئی۔‘
وارنر نے 2018 کے اسکینڈل کی تحقیقات کو بھی ناقص قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت معاملے کو جلد نمٹایا گیا اور انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے کا مناسب موقع نہیں ملا۔
ان کے مطابق وہ، اسٹیون اسمتھ اور کیمرون بینکرافٹ گزشتہ آٹھ برس سے اس واقعے کے نتائج بھگت رہے ہیں اور انہیں اب بھی عوامی تنقید کا سامنا ہے۔
وارنر نے اپنی ذاتی زندگی پر پڑنے والے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے کے دوران ان کی اہلیہ کینڈس کا حمل ضائع ہو گیا تھا، جس نے اس معاملے کو ان کے لیے مزید تکلیف دہ بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ عثمان خواجہ اور کیمرون بینکرافٹ سے بات کر چکے ہیں اور دونوں اس معاملے پر پریشان ہیں۔ وارنر کے مطابق گزشتہ آٹھ برس میں ڈریسنگ روم کے کسی دوسرے کھلاڑی نے ان تینوں سے اس واقعے کے بارے میں بات نہیں کی۔

شیئر: