جوہری ہتھیاروں کی روک تھام، عالمی تجارت اور مصنوعی ذہانت جیسے اہم معاملات چین میں اِس ہفتے ہونے والے ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (اے پی ای سی) کے سربراہی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہوں گے جہاں دنیا کے اہم رہنما اِن امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
جمعرات کو امریکہ، چین اور روس کے سربراہوں کے درمیان ہونے والی اہم سہ فریقی ملاقات پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اِن موضوعات کا جائزہ لیا ہے جو اِس اجلاس میں زیرِ بحث آسکتے ہیں۔
تجارت
مزید پڑھیں
-
’سعودی عرب، تھائی لینڈ اور ایپک ممالک کا سٹراٹیجک پارٹنر‘Node ID: 718911
بدھ سے جمعرات تک جاری رہنے والے عالمی رہنماؤں کے اجلاس پر تجارتی کشیدگی کے سائے منڈلاتے رہیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد ممالک پر وسیع پیمانے پر محصولات عائد کرکے عالمی تجارتی نظام کو تہہ و بالا کر دیا ہے۔ چین نے بھی اِس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے جوابی محصولات عائد کیے ہیں اور اہم برآمدات روکنے کی دھمکیاں دی ہیں۔
گزشتہ سال جنوبی کوریا میں ہونے والے ایپک سربراہی اجلاس کے موقع پر صدر ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ نے اپنی تجارتی جنگ میں عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا، تاہم اِس معاہدے کی مدت جنوری میں ختم ہو جائے گی۔
سنگاپور کی نانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی (این ٹی یو) کے ماہر ڈیلن لوہ نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اِس اجلاس کا سب سے اہم اور بنیادی مقصد کسی ایک بڑے سنگِ میل کے حصول کی بجائے محصولات اور تجارتی جنگوں کے ایک اور جارحانہ اور عالمی استحکام کو نقصان پہنچانے والے دور کو روکنا ہوگا۔‘
ایشیا سوسائٹی پالیسی انسٹی ٹیوٹ کی محققہ لیزی لی کے مطابق رہنماؤں کی ’ترجیح‘ اِس عارضی جنگ بندی کو برقرار رکھنا ہوگی، خاص طور پر اِس لیے بھی کہ دسمبر میں میامی میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر صدر ٹرمپ اور صدر شی جن پنگ کی ایک اور ملاقات متوقع ہے۔

کینیڈا جیسے ممالک بھی امریکہ پر اپنا انحصار کم کرنے کے لیے چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یوکرین
چین نے تصدیق کی ہے کہ صدر شی جن پنگ، ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوتن جمعرات کو ایپک اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے۔ یہ تینوں رہنماؤں کی پہلی سہ فریقی سربراہی ملاقات ہوگی۔
چین کا کہنا ہے کہ تینوں رہنما ’عالمی امن کے تحفظ‘ پر بات کریں گے، تاہم امریکی حکام کے مطابق توقع نہیں ہے کہ صدر ٹرمپ اِس ملاقات میں یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کا معاملہ زیرِبحث لائیں گے۔ یوکرین کو بھی خدشہ ہے کہ عالمی سفارتی معاملات میں اسے نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔
چین خود کو اِس تنازع میں غیر جانب دار فریق قرار دیتا ہے اور اُس نے کبھی روسی حملوں کی مذمت نہیں کی، بلکہ اس کی بجائے امن مذاکرات پر زور دیا ہے۔
جوہری ہتھیار
ٹرمپ انتظامیہ اِس سربراہی اجلاس میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے پیش رفت کی خواہاں ہے۔ وہ اِس سے قبل چین کے تیزی سے پھیلتے ہوئے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے پر تنقید کرتی رہی ہے۔
تاہم تجزیہ کاروں کو اِس بات پر شک ہے کہ صدر ٹرمپ، پیوتن اور شی جن پنگ ہتھیاروں میں کمی کے لیے کسی سہ فریقی معاہدے تک پہنچ سکیں گے۔

امریکہ بارہا چین پر خفیہ جوہری تجربات کرنے کا الزام عائد کر چکا ہے اور اِس کا مطالبہ ہے کہ مستقبل میں ہتھیاروں پر قابو پانے کے کسی بھی معاہدے میں چین کو شامل کیا جائے۔
امریکہ اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں سے متعلق آخری معاہدہ نیو سٹارٹ فروری میں اپنی مدت پوری ہونے پر ختم ہوگیا تھا۔ اِس معاہدے کے خاتمے کے بعد امریکہ نے کہا تھا کہ اب چین کو بھی شامل کرتے ہوئے ایک ’بہتر معاہدہ‘ کرنے کا اِمکان پیدا ہوگیا ہے۔
لیکن چین نے اُس وقت جوہری تخفیفِ اسلحہ کے مذاکرات میں شامل ہونے سے انکار کر دیا تھا۔
علاوہ ازیں، ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے درمیان ممکنہ ملاقات کے بارے میں قیاس آرائیاں بھی بڑھ رہی ہیں۔ امریکی صدر اِس سے قبل بھی شمالی کوریا کو جوہری مذاکرات کی متعدد پیشکشیں کر چکے ہیں۔
مصنوعی ذہانت
مختلف ممالک نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے لیے زیادہ مؤثر نگرانی اور قانون سازی کا مطالبہ کیا ہے۔ اِس کی وجہ مصنوعی ذہانت کے فوجی استعمال کے امکانات اور خودمختار انداز میں کام کرنے والے ایسے اے آئی ٹولز سے لاحق خطرات پر بڑھتی ہوئی تشویش ہے جو انسانی نگرانی کے بغیر اپنے طور پر فیصلے اور اقدامات کر سکتے ہیں۔
چین اور امریکہ کے درمیان مذاکرات ستمبر میں امریکہ میں صدر ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات کے دوران طے پانے والے مصنوعی ذہانت سے متعلق ’رابطے کے نظام‘ کو مزید آگے بڑھا سکتے ہیں۔













